فیفا نے ورلڈ کپ 2026 کے فائنل کے بعد اسپین اور ارجنٹائن کے کھلاڑیوں کے درمیان جھڑپوں پر سخت کارروائی کرتے ہوئے ارجنٹائن کے لیانڈرو پیریڈیز کو 10، ناہوئل مولینا کو 7 اور ٹیم آفیشل رابرٹو آیالا کو 3 میچز کے لیے معطل کردیا۔
تھیاگو الماڈا اور اسپین کے گاوی کو بھی 1، 1 میچ کی پابندی کا سامنا کرنا ہوگا، جبکہ ارجنٹائن فٹبال ایسوسی ایشن پر مجموعی طور پر 321,000 ڈالر جرمانہ اور آئندہ ہوم میچز میں تماشائیوں کی گنجائش 50 فیصد تک محدود کرنے کی سزا عائد کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:کیا فیفا ورلڈ کپ کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ سو گئے تھے؟ حقیقت سامنے آگئی
یہ فیصلے 19 جولائی کو اسپین کے ہاتھوں 0-1 کی شکست کے بعد نیو یارک نیو جرسی اسٹیڈیم میں پیش آنے والے واقعات کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سنائے گئے ہیں۔
پیریڈیز کو سب سے سخت سزافیفا ورلڈ کپ لڑائی
فیفا کی تادیبی کمیٹی نے ارجنٹائن کے مڈفیلڈر لیانڈرو پیریڈیز پر 10 میچز کی پابندی عائد کرنے کے ساتھ 90,000 ڈالر جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔
ارجنٹائن کے دوسرے کھلاڑی ناہوئل مولینا کو 7 میچز کے لیے معطل کیا گیا ہے، جبکہ ان پر بھی 90,000 ڈالر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
فیفا کے مطابق یہ کارروائی عالمی کپ کے فائنل کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور حکام کے درمیان پیش آنے والے واقعات کی تحقیقات کے بعد کی گئی ہے۔
الماڈا، گاوی اور آیالا بھی زد میں
ارجنٹائن کے تھیاگو الماڈا کو 1 میچ کی پابندی اور 30,000 ڈالر جرمانے کی سزا دی گئی ہے، جبکہ ارجنٹائن کے ٹیم آفیشل رابرٹو آیالا کو 3 میچز کے لیے معطل کرکے 30,000 ڈالر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
اسپین کے پابلو مارٹن پائز گاویرا، جو گاوی کے نام سے مشہور ہیں، کو بھی 1 میچ کی پابندی اور 30,000 ڈالر جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔
یوں فائنل کے بعد ہونے والے تنازع پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور ارجنٹائن کے ایک ٹیم آفیشل کو تادیبی کارروائی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
ارجنٹائن فٹبال ایسوسی ایشن پر 321,000 ڈالر جرمانہ
فیفا نے ارجنٹائن فٹبال ایسوسی ایشن پر مختلف خلاف ورزیوں کے تحت مجموعی طور پر 321,000 ڈالر جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔
فیفا کے مطابق ارجنٹائن کو کھیلوں کے مقابلوں کو کھیل سے ہٹ کر مظاہروں کے لیے استعمال کرنے، ٹیم کے نامناسب رویے، شائقین کی جانب سے امتیازی نعروں اور اشاروں، سیکیورٹی سے متعلق ضوابط کی خلاف ورزیوں اور دیگر بے ضابطگیوں کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں:فیفا ورلڈ کپ 2026 جیتنے پر اسپین پر ڈالروں کی بارش، کتنا انعام ملا؟
فیفا نے جرمانے میں سے 100,000 ڈالر امتیازی سلوک کے خلاف اقدامات کے لیے مختص کرنے کا حکم دیا ہے، جبکہ مزید 100,000 ڈالر جرمانے کی سزا معطل رکھی گئی ہے۔
ہوم میچز میں تماشائیوں کی گنجائش 50 فیصد ہوگی
فیفا نے ارجنٹائن کو آئندہ 2 ہوم میچز 50 فیصد تماشائیوں کی گنجائش کے ساتھ کھیلنے کا حکم بھی دیا ہے، تاہم ان میں سے 1 میچ کی پابندی معطل کردی گئی ہے۔کھلاڑیوں اور ٹیم آفیشلز پر عائد پابندیاں ان کی قومی ٹیم کے آئندہ میچز میں لاگو ہوں گی۔
فائنل کے بعد کیا ہوا تھا؟
19 جولائی کو نیو یارک نیو جرسی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے عالمی کپ 2026 کے فائنل میں اسپین نے ارجنٹائن کو0-1 سے شکست دے کر عالمی چیمپیئن کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
میچ کے اختتام پر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان کشیدگی پیدا ہوئی، جو بعد ازاں جھڑپ میں تبدیل ہوگئی۔ واقعے کے بعد فیفا نے تادیبی اور اخلاقی پراسیکیوٹر کی رپورٹ کی بنیاد پر معاملے کی تحقیقات کیں۔
تحقیقات مکمل ہونے کے بعد تادیبی کمیٹی نے کھلاڑیوں، ٹیم آفیشلز اور ارجنٹائن فٹبال ایسوسی ایشن کے خلاف مختلف سزاؤں کا اعلان کیا۔
فیصلے کے خلاف اپیل کا حق
فیفا کے مطابق متعلقہ فریقین کو فیصلوں کی وجوہات پر مبنی تفصیلی فیصلہ طلب کرنے کے لیے 10 دن کا وقت دیا گیا ہے۔ متعلقہ فریقین فیفا کے ضابطوں کے تحت ان فیصلوں کے خلاف اپیل بھی کرسکتے ہیں۔
ورلڈ کپ فائنل میں شکست کے بعد ہونے والی جھڑپ اب ارجنٹائن کے لیے میدان سے باہر بھی بھاری ثابت ہوئی ہے، جہاں اس کے اہم کھلاڑیوں کو طویل پابندیوں جبکہ فٹبال ایسوسی ایشن کو بھاری مالی جرمانے کا سامنا ہے۔














