’ڈارتھ ویڈر‘ کا انوکھا احتجاج، سٹی کونسل میں فلوک کیمروں کے حق میں تقریر

ہفتہ 22 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی شہر سان ڈیاگو میں ایک شخص نے ’اسٹار وارز‘ کے مشہور ولن ڈارتھ ویڈر کا روپ دھار کر سٹی کونسل کے اجلاس میں شرکت کی اور شہریوں کی نگرانی کے لیے استعمال ہونے والے فلوک کیمروں کی تنصیب کے حق میں طنزیہ انداز میں خطاب کیا۔

امریکی خبر رساں ادارے یو پی آئی کے مطابق ’پبلک سیفٹی اینڈ لائیوبل نیبرہوڈز کمیٹی‘ کے اجلاس میں ڈارتھ ویڈر کے لباس میں ملبوس شخص نے کونسل کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے فلوک کیمروں کو ’وہ ٹیکنالوجی قرار دیا جس کی شہنشاہ کو ضرورت ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں:نیا جدید ترین ‘سپر مین’ ہیومنائڈ روبوٹ متعارف، وہ کون سے حیران کن کام کرسکتا ہے؟

اس نے ’اسٹار وارز‘ کے کردار کا حوالہ دیتے ہوئے طنزیہ انداز میں کہا کہ یہ کیمرے ’باغیوں‘ اور ان کے خفیہ اڈوں کا سراغ لگانے میں مدد دیں گے۔

اس شخص نے مزید کہا کہ فلوک ٹیکنالوجی کے استعمال کو جاری رہنا چاہیے تاکہ ’باغیوں‘ کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جاسکے۔ اس نے دعویٰ کیا کہ کیمرے صرف گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کو ریکارڈ نہیں کرتے بلکہ بچوں کی نقل و حرکت بھی مانیٹر کر رہے ہیں۔

ڈارتھ ویڈر کا روپ دھارنے والے شخص نے نگرانی کے نظام پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ اسے ان کیمروں کی ایک ذاتی ضرورت بھی ہے کیونکہ وہ اپنی سابق گرل فرینڈ کی جاسوسی کرنا چاہتا ہے۔

اس نے سٹی کونسل کے ارکان کو مشورہ دیا کہ وہ عوام کو کیمروں کی اہمیت پر قائل کرنے کے لیے ’جیدی مائنڈ ٹرک‘ استعمال کریں اور دیگر عوامی خدمات کے بجائے کیمروں کے لیے رقم مختص کریں۔

فلوک کیمرے خودکار نمبر پلیٹ ریڈر ٹیکنالوجی پر مبنی نظام ہیں، جن کے استعمال پر امریکا کے مختلف شہروں میں جرائم کی روک تھام اور شہریوں کی پرائیویسی کے حوالے سے بحث جاری ہے۔

’اسٹار وارز‘ کے کردار کا روپ دھار کر دی گئی یہ تقریر بظاہر فلوک کیمروں کے ذریعے وسیع پیمانے پر نگرانی اور شہری آزادیوں سے متعلق خدشات پر طنزیہ تبصرہ تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp