کوڑے میں پھینکی گئی زائدالمیعاد چاکلیٹس اٹھانے کے لیے بھارت کی سڑک پر بھیڑ، ویڈیو وائرل

منگل 25 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی شہر کانپور کے انڈسٹریل ایریا میں زائدالمیعاد چاکلیٹس اور ٹافیاں کوڑے میں پھینکے جانے کے بعد انہیں اٹھانے کے لیے لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ درجنوں افراد کوڑے کے مقام پر موجود چاکلیٹس اور ٹافیاں جمع کر رہے ہیں۔ کچھ افراد زمین سے ہاتھوں میں مٹھائیاں اٹھاتے دکھائی دیتے ہیں جبکہ بعض لوگ تھیلے، بوریاں اور خالی ڈبے ساتھ لائے اور بڑی مقدار میں چاکلیٹس اپنے ساتھ لے گئے۔

ویڈیو کے ساتھ کیے جانے والے دعووں کے مطابق فیکٹری مالک نے چاکلیٹس اور ٹافیوں کی ایک کھیپ زائدالمیعاد ہونے یا فروخت کے قابل نہ رہنے کے باعث تلف کرنے کے لیے کوڑے میں پھینکی تھی۔ اطلاع پھیلنے کے بعد لوگوں کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی اور چاکلیٹس اٹھانا شروع کردیں۔

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے بھی واقعے پر تشویش کا اظہار کیا۔ صارفین کا کہنا تھا کہ آخر یہ لوگ ان زائدالمیعاد چاکلیٹس اور ٹافیوں کا کیا کریں گے؟

کئی صارفین نے سوال اٹھایا کہ زائدالمیعاد خوراک کو کھلے عام پھینکنے کے بجائے محفوظ طریقے سے تلف کیا جانا چاہیے تھا، تاکہ اسے دوبارہ استعمال یا فروخت نہ کیا جاسکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp