اداکارہ لیلیٰ کی زندگی میں بڑی تبدیلی، سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی

اتوار 30 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

معروف اداکارہ لیلیٰ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے 8 سال قبل ایسے تمام کاموں سے کنارہ کشی اختیار کر لی تھی جنہیں وہ اپنے دینی عقائد کے منافی اور اللہ کی مرضی کے خلاف سمجھتی تھیں۔

انہوں نے یہ بات ایک حالیہ رئیلٹی شو میں کہی، جہاں وہ اپنا گھر اور گاڑی بنانے کے لیے انعامی رقم جیتنے کی خواہشمند ہیں۔

لیلیٰ، جو 1990 کی دہائی سے پاکستان کی شوبز انڈسٹری کا ایک معروف چہرہ ہیں، ان دنوں ایک رئیلٹی شو کا حصہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:’ساس بھی کبھی بہو تھی‘، بہوؤں کے معاملے میں ساسوں کو ظلم در ظلم والا سائیکل توڑنا ہوگا، اداکارہ صائمہ قریشی

شو کے دوران اپنی ذاتی زندگی، کیریئر کے مختلف پہلوؤں اور دلی خواہشات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وہ اس مقابلے کو جیتنے کے لیے بے حد پرامید اور دعا گو ہیں۔

ان کی بڑی خواہش ہے کہ وہ اس شو کی انعامی رقم سے اپنا ذاتی گھر اور ایک بڑی گاڑی خریدنے کا دیرینہ خواب پورا کر سکیں۔

ماضی پر پچھتاوا اور زندگی میں تبدیلی

اپنے شوبز کیریئر کے پس منظر پر روشنی ڈالتے ہوئے اداکارہ نے اپنی بعض پرانی پرفارمنسز کا بھی ذکر کیا جنہیں وہ اب غیر مناسب سمجھتی ہیں۔

انہوں نے کھلے دل سے اعتراف کیا کہ تقریباً 8 برس پہلے ان کی سوچ میں ایک نمایاں تبدیلی آئی، جس کے بعد انہوں نے دانستہ طور پر ایسے تمام کام چھوڑنے کا فیصلہ کیا جو ان کے نزدیک اللہ تعالیٰ کو ناراض کرنے کا باعث بن سکتے تھے۔

سوشل میڈیا پر ملا جلا ردعمل

اداکارہ کے اس واضح اور جذباتی بیان کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں۔ کئی لوگوں نے ان کی موجودہ سوچ اور مثبت تبدیلی کو سراہتے ہوئے ان کے ماضی پر تنقید کرنے سے گریز کیا۔

مزید پڑھیں:54 سالہ اداکارہ حمیرا بانو رشتۂ ازدواج میں منسلک، شوہر کے ہمراہ تصویر شیئر کردی

ایک صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ ‘لیلیٰ کی گفتگو میں کوئی بناوٹ محسوس نہیں ہوتی، اللہ ان کی دعائیں قبول کرے’۔

ایک اور مداح نے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جس خلوص سے انہوں نے اپنی خواہش کا اظہار کیا ہے، امید ہے کہ وہ یہ شو ضرور جیتیں گی۔

اس سب کے برعکس، جہاں زیادہ تر افراد ان کی سچائی کو سراہا رہے ہیں، وہیں بعض ناقدین نے ان کی جانب سے بار بار ماضی کی مشکلات اور تلخ تجربات کا ذکر کرنے پر تنقید کا نشانہ بھی بنایا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp