چین کا پاکستان کو 21 فائر اور ریسکیو گاڑیوں کا تحفہ

منگل 1 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چین نے اسلام آباد میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کی صلاحیت بہتر بنانے کے لیے 3 ارب روپے مالیت کی 21 جدید فائر اور ریسکیو گاڑیاں دینے کا اعلان کردیا ہے۔

چینی سفارتخانے کے مطابق جدید گاڑیوں کا بیڑا رواں ماہ اسلام آباد پہنچے گا، جس میں 88 میٹر بلند عمارتوں میں امدادی کارروائیوں کے لیے خصوصی گاڑی بھی شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پمز آتشزدگی: 1122 پر کال موصول ہوتے ہی ریسکیو فائر بریگیڈ کی گاڑی 6 منٹ میں اسپتال کیسے پہنچی؟

چینی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ جدید گاڑیوں سے دارالحکومت میں ہنگامی حالات سے نمٹنے اور بلند عمارتوں میں امدادی کارروائیوں کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

چینی سفارتخانے نے کہا کہ یہ تعاون پاکستان اور چین کے ہر موسم میں قائم رہنے والے تزویراتی تعاون اور دونوں ممالک کی جانب سے عوام کے تحفظ کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

چین کی جانب سے فائر اور ریسکیو گاڑیوں کا اعلان اسلام آباد کے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے زچہ و بچہ اسپتال کے نومولود بچوں کے وارڈ میں آتشزدگی کے واقعے کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں 14 نومولود بچے جاں بحق ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: ایچ نائن بازار آتشزدگی: ابتدائی آگ 2 اسٹالز سے بھڑکی، اسٹالز کو گودام بنانے اور فائر سیفٹی میں غفلت کا انکشاف

واقعے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے تحقیقات کی روشنی میں آٹھ افراد کے خلاف کارروائی کی منظوری دی تھی، جن میں اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر بھی شامل تھے۔

چین اور پاکستان کے درمیان حالیہ برسوں میں ہنگامی امداد، سلامتی اور دیگر شعبوں میں تعاون میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ دونوں ممالک نے تزویراتی شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp