ناسا کی طاقتور نئی خلائی دوربین خلا میں روانہ، کائنات کے بڑے رازوں سے پردہ اٹھانے کا مشن

بدھ 2 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی خلائی ادارے ناسا نے جدید ترین خلائی دوربین ’نینسی گریس رومن اسپیس ٹیلی اسکوپ‘ کامیابی سے خلا میں روانہ کردی ہے، جسے کائنات کے مطالعے میں ایک ’’بڑی پیش رفت‘‘ قرار دیا جا رہا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی ایک رپورٹ کے مطابق رومن ٹیلی اسکوپ نے اتوار کی صبح فلوریڈا کے کینیڈی اسپیس سینٹر سے اسپیس ایکس کے فالکن ہیوی راکٹ کے ذریعے پرواز کی۔ لانچ کے تقریباً 30 منٹ بعد دوربین راکٹ سے الگ ہوگئی اور اب زمین سے تقریباً 10 لاکھ میل دور اپنے مقررہ مقام کی جانب سفر کر رہی ہے۔

ناسا کے مطابق رومن دوربین ہبل اور جیمز ویب اسپیس ٹیلی اسکوپ کے مقابلے میں تقریباً 100 گنا زیادہ وسیع منظر ایک ساتھ ریکارڈ کرسکے گی۔ اس کی مدد سے سائنس دان اربوں کہکشاؤں کے نقشے بنانے، بلیک ہولز کا مطالعہ کرنے، تاریک مادے اور تاریک توانائی کے راز سمجھنے اور نظامِ شمسی سے باہر موجود سیاروں، یعنی ایکزوپلینٹس، کی تلاش کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں:ناسا کا سوئفٹ دوربین کو بچانے کا مشن ناکام، اب کیا ہوگا؟

ناسا کی منتظم نکی فاکس نے کہا کہ رومن دوربین کائنات کو دیکھنے کے ہمارے انداز کو بدل دے گی۔ ان کے مطابق اس مشن کے ذریعے دسیوں ہزار، ممکنہ طور پر ایک لاکھ تک نئے ایکزوپلینٹس دریافت کیے جاسکتے ہیں، جس سے اس اہم سوال کا جواب تلاش کرنے میں مدد ملے گی کہ کیا کائنات میں ہم اکیلے ہیں؟

ماہرین کے مطابق رومن دوربین زمین سے چاند کے فاصلے سے تقریباً 4 گنا زیادہ دور کام کرے گی، تاکہ زمین اور چاند سے آنے والی انفراریڈ روشنی اس کے مشاہدات میں خلل نہ ڈال سکے۔

دوربین کا نام ناسا کی پہلی خاتون چیف ماہرِ فلکیات نینسی گریس رومن کے نام پر رکھا گیا ہے، جنہوں نے ہبل ٹیلی اسکوپ کی منظوری میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ ناسا کے مطابق رومن کا بنیادی مشن پانچ سال پر محیط ہوگا، تاہم اسے 10 سال تک چلانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔

سائنس دانوں کو امید ہے کہ یہ دوربین کائنات کے تقریباً 95 فیصد حصے سے متعلق سمجھے جانے والے تاریک مادے اور تاریک توانائی کے بارے میں ہماری سمجھ میں بھی نمایاں اضافہ کرے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp