چکن کے زیادہ پیس کھانے پر دوست کی جان لے لی

بدھ 2 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی ریاست کرناٹک کے ضلع بیلگاوی میں کھانے کے معاملے پر ہونے والی معمولی تکرار کے نتیجے میں ایک نوجوان اپنے ہی دوست کے ہاتھوں قتل ہو گیا۔

پولیس اور بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مقتول کی شناخت سیتارام جبکہ ملزم کی شناخت ارون کمار کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں دوست مقامی اسٹیل فلٹرنگ اور مینوفیکچرنگ کمپنی میں ملازم تھے اور ایک ہی کمرے میں مقیم تھے۔ اتوار کی رات دونوں اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر کمرے میں ڈنر کر رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیے دل دہلا دینے والی واردات، 21 سالہ ماڈل اپنے گھر میں چھریوں کے وار سے قتل

پارٹی کے دوران پلیٹ میں رکھے چکن کے ٹکڑے زیادہ کھانے پر دونوں دوستوں کے درمیان تکرار ہوگئی ۔ بات لفظی تکرار سے شروع ہو کر ہاتھا پائی تک جا پہنچی۔ طیش میں آ کر ارون کمار نے کچن سے دھار دار چاقو اٹھایا اور سیتارام کے سینے پر پے در پے وار کر دیے، جس سے وہ شدید زخمی ہو کر گر پڑا۔

واردات کے بعد ملزم ارون کمار نے اپنے جرم پر پردہ ڈالنے اور پولیس کو گمراہ کرنے کی کوشش کی اور زخمی سیتارام کو فوری طور پر قریبی سرکاری اسپتال منتقل کیا۔ اسپتال کے عملے اور ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹروں کو اس نے بتایا کہ سیتارام عمارت کی چھت سے نیچے گر کر شدید زخمی ہوا ہے۔ تاہم، سیتارام زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دورانِ علاج دم توڑ گیا۔

ڈاکٹروں نے سیتارام کے جسم پر تیز دھار آلے سے لگنے والے زخموں کے نشانات دیکھ کر فوری طور پر مقامی پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزم ارون کمار کو حراست میں لے کر جب کڑی تفتیش کی تو اس نے اعترافِ جرم کر لیا۔

یہ بھی پڑھیے شور شرابے سے تنگ بوڑھے نے پڑوسن، اس کی جوان بیٹی کو قتل کرکے خودکشی کرلی

مقامی پولیس کے مطابق ملزم کے خلاف تعزیراتِ ہند کی متعلقہ دفعات کے تحت قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور آلاتیہ قتل (چاقو) بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp