بلوچستان ہائیکورٹ نے عمران خان کے خلاف سنگین غداری کیس میں فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے مقدمے کی سماعت 25 جولائی کو مقرر کر دی۔
چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس محمد نواز رانا پر مُشتمل ڈویژن بنچ نے کیس کی سماعت کی۔
سابق وزیراعظم و چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان پر اسمبلی توڑنے پر آرٹیکل 5 اور 6 کی خلاف ورزی پر آئینی درخواست دی گئی تھی۔
سنگین غداری مقدمے کی درخواست سپریم کورٹ کے سینیئر وکیل عبدالرزاق شر نے دائر کی تھی۔
عبدالرزاق شر کو منگل 6 جون کو کوئٹہ میں نامعلوم افراد نے گولیاں مار کر قتل کردیا تھا جس کے بعد مقدمہ روک گیا تھا۔
عدالت نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے 7 اپریل 2022 کی روشنی میں سپریم کورٹ کے حُکم 2016 SCMR 1683 پر عمل درآمد کے تحت مقدمہ مقرر کیا۔
عبدالرزاق شر کی جانب سے وکیل سابق صدر امان اللہ کنرانی تھے جو آگے بھی مقدمے کی پیروی کریں گے۔
یاد رہے کہ عبدالرزاق شر ایڈووکیٹ کے قتل کا مقدمہ بھی عمران خان کے خلاف درج کیا گیا ہے اور وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ یہاں تک کہہ چکے ہیں کہ اس ٹارگٹ کلنگ کے ذمہ دار چیئرمین پی ٹی آئی ہیں۔














