وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے چین کے صوبہ سنکیانگ میں معروف ٹائرن وزڈم ڈیری کمپنی کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا، جہاں کمپنی حکام نے وزیراعلیٰ اور ان کے وفد کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ٹائرن وزڈم ڈیری ورکس کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور ملک پروسیسنگ کے جدید نظام کا ڈیجیٹل معائنہ بھی کیا۔ اس موقع پر کمپنی حکام نے انہیں دودھ کی پروسیسنگ کے مختلف مراحل اور دودھ، دہی سمیت دیگر ڈیری مصنوعات کی تیاری کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
ماہرین نے وزیراعلیٰ کو ڈیری مصنوعات کی تیاری، جدید پروسیسنگ ٹیکنالوجی اور مویشیوں کی نگہداشت کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔ حکام نے بتایا کہ ٹائرن وزڈم ڈیری ورکس چین کے مختلف علاقوں میں جدید ترین ڈیری فارمنگ کے حوالے سے معروف ہے، جبکہ کمپنی کے فارمز میں مویشیوں کی حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق پرورش کی جاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سانحہ پمز کی تکلیف کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا، مریم نواز کا غمزدہ والدین سے اظہار رنج و غم
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں لائیو اسٹاک کی بہتری اور فروغ کے منصوبے نتیجہ خیز ثابت ہو رہے ہیں۔ دیہی خواتین کی مالی خودمختاری اور مویشیوں کی افزائش نسل کے خصوصی منصوبے بھی کامیابی سے جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مویشیوں کو فربہ کرکے میٹ پروڈکشن کے لیے تیار کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت چین کے اشتراک سے صوبے میں ملک اور ڈیری پروسیسنگ کا منصوبہ قائم کرنا چاہتی ہے تاکہ لائیو اسٹاک کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرکے کسانوں اور دیہی آبادی کے لیے مزید معاشی مواقع پیدا کیے جا سکیں۔













