متحدہ عرب امارات میں اسٹارلنک سروس فعال، ایلون مسک نے تصدیق کردی

جمعہ 4 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اسٹارلنک نے متحدہ عرب امارات میں اپنی سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس باضابطہ طور پر فعال کردی، جس کی تصدیق اسپیس ایکس کے چیف ایگزیکٹو ایلون مسک نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پرکی ہے۔

اس پیش رفت کے بعد متحدہ عرب امارات دنیا کے ان 150 سے زائد ممالک اور خطوں میں شامل ہوگیا ہے جہاں اسٹارلنک کی انٹرنیٹ سروس دستیاب ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جہاز پر اسٹار لنک فری وائی فائی کی سروس شروع، کتنا تیز انٹرنیٹ میسر ہوگا؟

اسٹارلنک کی سروس کا آغاز یو اے ای کی ٹیلی کمیونیکیشنز اینڈ ڈیجیٹل گورنمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے 28 اگست کو کمپنی کو 10 سالہ جنرل سیٹلائٹ سروسز لائسنس جاری کیے جانے کے بعد ہوا۔

لائسنس کے تحت اسٹارلنک کو متحدہ عرب امارات بھر میں گھریلو، کاروباری، حکومتی اور سمندری شعبوں کے لیے سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے کی اجازت مل گئی ہے۔

رہائشی صارفین کے لیے اسٹارلنک کے معیاری پیکیج کی ماہانہ فیس تقریباً 300 اماراتی درہم سے شروع ہوتی ہے، جبکہ ’ریذیڈنشل لائٹ‘ پیکیج تقریباً 230 درہم ماہانہ میں دستیاب ہے۔

ہارڈویئر کی قیمت آلات کی نوعیت کے مطابق مختلف ہوگی، جس میں معیاری اسٹارلنک ڈش اور قابلِ نقل ’اسٹارلنک منی‘ کِٹ شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: کیا حکومت نے اسٹار لنک کو پاکستان میں کام کرنے کے لیے لائسنس دینے کا عمل روک دیا ہے؟

اگرچہ سروس اب ملک بھر میں فعال ہے، تاہم دبئی اور ابوظہبی کے بعض گنجان آباد علاقوں میں سیٹلائٹ بیم کی محدود گنجائش کے باعث صارفین کو انتظار کی فہرست میں شامل کیا جا رہا ہے۔

اس کے برعکس متحدہ عرب امارات کے دیگر علاقوں میں صارفین کو نسبتاً فوری طور پر سروس تک رسائی مل سکتی ہے۔

لائسنس کے اجرا کے بعد کمپنی نے پری آرڈرز اور ڈپازٹس کی سہولت بھی فراہم کی تھی، تاہم بعض علاقوں میں زیادہ طلب کے باعث صارفین کو انتظار کی فہرست کا سامنا کرنا پڑا۔

مزید پڑھیں: کیا اسٹارلنک پاکستان کی نیشنل سیکیورٹی کے لیے واقعی خطرہ بن سکتا ہے؟

سروس کے باضابطہ آغاز کے بعد اسٹارلنک اب پری آرڈر مرحلے سے نکل کر فعال سروس کے مرحلے میں داخل ہوگیا ہے۔

خطے میں اسٹارلنک کی موجودگی پہلے ہی ہوا بازی کے شعبے میں بڑھ رہی ہے۔

ایمریٹس اور فلا ئی دبئی سمیت بعض ایئرلائن کمپنیوں نے دورانِ پرواز وائی فائی کی سہولت فراہم کرنے کے لیے اسٹارلنک کے سیٹلائٹ نیٹ ورک کو اپنے نظام میں شامل کرنا شروع کر دیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp