محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، راولپنڈی اور اس کے گرد و نواح میں آئندہ چند گھنٹوں کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔
ترجمان کے مطابق بارش کا یہ سلسلہ مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، لیہ اور منڈی بہاؤالدین سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں پھیلے گا۔ خیبر پختونخوا کے اضلاع پشاور، صوابی، مردان، نوشہرہ، ایبٹ آباد، کوہستان، سوات اور بونیر میں بھی شدید بارشوں کی توقع ہے۔ مزید برآں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی گرج چمک کے ساتھ بادل برسنے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیے اسلام آباد، راولپنڈی سمیت بالائی علاقوں میں تیز بارش، 5 ستمبر تک مزید برسات کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کا یہ سلسلہ 5 ستمبر تک برقرار رہ سکتا ہے۔ اس دوران نچلے اور شہری علاقوں میں جل تھل ایک ہونے سے اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے، جبکہ پہاڑی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی موجود ہے۔ انتظامیہ نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی ہے۔













