سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے مطابق اگست کے دوران پاکستان میں 4 ہزار 761 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں، جس کے بعد ملک میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 11 ہزار 765 ہوگئی ہے۔
ایس ای سی پی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اگست میں 99.9 فیصد کمپنیوں کی رجسٹریشن آن لائن مکمل کی گئی، جبکہ 3 غیرملکی کمپنیوں نے بھی پاکستان میں کاروباری سرگرمیوں کا آغاز کیا۔
نئی رجسٹرڈ کمپنیوں میں 2 ہزار 762 پرائیویٹ کمپنیاں اور 1 ہزار 846 سنگل ممبر کمپنیاں شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سرمایہ کاری کے لیے بڑی سہولت، ایس ای سی پی نے متحدہ ڈیجیٹل نظام متعارف کرا دیا
شعبہ وار اعداد و شمار کے مطابق اگست میں کمپنیوں کی رجسٹریشن میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کا شعبہ 872 نئی کمپنیوں کے ساتھ سرفہرست رہا۔
ٹریڈنگ کے شعبے میں 732، سروسز میں 601، تعمیرات میں 295 جبکہ سیاحت کے شعبے میں 232 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں۔
مزید پڑھیں: ماڑی پیٹرولیم پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ساتویں بلین ڈالر کمپنی بن گئی
صوبوں اور علاقوں کے اعتبار سے پنجاب 2 ہزار 547 نئی کمپنیوں کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا، جبکہ اسلام آباد میں 843، سندھ میں 702 اور خیبر پختونخوا میں 407 نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن ہوئی۔ گلگت بلتستان میں 151 جبکہ بلوچستان میں 111 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئیں۔
ایس ای سی پی کے مطابق اگست کے دوران نئی رجسٹرڈ کمپنیوں میں 134 غیرملکی سرمایہ کاروں نے سرمایہ کاری کی، جن میں 106 چینی سرمایہ کار شامل تھے۔
واضح رہے کہ جولائی میں پاکستان میں ریکارڈ 5 ہزار 438 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئی تھیں، جن میں 5 بین الاقوامی کمپنیاں بھی شامل تھیں جنہوں نے پاکستان میں اپنے دفاتر قائم کیے۔














