وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، جس میں حکومت کے پہلے 100 دن کے اہداف کے حصول کے لیے مرتب کیے گئے روڈ میپ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے کہا کہ گڈ گورننس، شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے، جبکہ قائد پاکستان محمد نواز شریف کے وژن اور رہنمائی کے مطابق اصلاحات کا عمل تیز کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر کی 8 رکنی کابینہ نے حلف اٹھا لیا، کون کون شامل؟
انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح عام آدمی کی مشکلات میں کمی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی ہے، پہلے 100 دن حکومت کی کارکردگی کا اہم سنگ میل ہیں اور اس عرصے میں عوامی فلاح و بہبود کے ایسے اقدامات کیے جائیں گے جن کے ثمرات براہ راست عوام تک پہنچیں۔
وزیراعظم نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اہداف کے حصول کے لیے مربوط اور نتیجہ خیز حکمت عملی اختیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم، صحت، تعمیرات، بلدیاتی نظام، سیاحت اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں اصلاحات کی جائیں گی۔
افتخار گیلانی کا کہنا تھا کہ روزگار کے مواقع میں اضافہ اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے اور عوام کو خدمات کی مؤثر فراہمی پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: نواز شریف نے آزاد کشمیر کے لیے پہلے 100 دن کا اصلاحاتی منصوبہ وزیراعظم افتخار گیلانی کو دے دیا
انہوں نے کہا کہ عوامی شکایات کے ازالے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے اور عوامی مسائل کے حل میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام محکمے اپنی کارکردگی بہتر بنائیں اور حکومتی پالیسیوں پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنائیں۔
اجلاس میں چیف سیکریٹری خوشحال خان، ایس ایم بی آر سردار ظفر خان، پرنسپل سیکریٹری عدنان خورشید، سیکریٹری اطلاعات و آئی ٹی راشد حنیف سمیت مختلف محکموں کے سیکریٹریز نے شرکت کی۔














