دنانیر مبین کی نئی ڈراما سیریل ’حرمت‘ کا ٹیزر جاری، سوشل میڈیا پر دھوم

اتوار 6 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کے مقبول انٹرٹینمنٹ ٹی وی چینل نے اداکارہ دنانیر مبین کے نئے ڈرامے ’حرمت‘ کا پہلا ٹیزر جاری کر دیا ہے، جس میں ایک ایسی لڑکی کی کہانی بیان کی گئی ہے جسے والد کی جانب سے گھر کی چار دیواری میں قید کر کے رکھا جاتا ہے۔

کاشف انور کے قلم سے تخلیق ہونے والی یہ ڈراما سیریل خوابوں، پابندیوں اور شناخت کی جنگ کا احاطہ کرتی ہے، جسے معروف پروڈیوسر مومنہ درید کے بینر تلے تیار کیا گیا ہے۔

ٹیزر میں کیا دکھایا گیا؟

ایک منٹ سے بھی کم دورانیے پر مشتمل یہ ٹیزر اپنے اندر ایک گہری کہانی سموئے ہوئے ہے۔ اس میں مرکزی کردار ’حرمت‘ کو، جو دنانیر مبین نے نبھایا ہے، پہلی بار اپنے گھر سے آسمان کو تکتے دکھایا گیا ہے، جبکہ وہ اس بات پر افسردہ نظر آتی ہے کہ اسے یونیورسٹی جانے کی اجازت نہیں۔

حرمت کے والد کا کردار سینیئر اداکار علی طاہر نے ادا کیا ہے، جن کی سختی نے حرمت کی زندگی کو ایک قید خانے میں بدل دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:اداکارہ راشمیکا مندانا کی پرانی نجی آڈیو وائرل، مواد نہ ہٹانے پر قانونی کارروائی کی دھمکی

دوسری جانب معروف اداکار جاوید شیخ کا کردار بھی اس کہانی میں اہم دکھائی دیتا ہے، جو حرمت کو حقیقی دنیا میں قدم رکھنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔

کہانی کا مرکزی موضوع

ٹیزر میں ایک کردار حرمت سے مخاطب ہو کر کہتا ہے کہ عورت کو اپنی زندگی میں دو بار نام ملتا ہے، ایک بار پیدائش پر اور دوسری بار شادی کے بعد۔

یہ جملہ دراصل پوری کہانی کے مرکزی خیال کی عکاسی کرتا ہے، جہاں حرمت اپنی شناخت کی تلاش میں ایک ایسی دنیا سے نبردآزما ہے جو عورتوں کے لیے مسلسل تنگ ہوتی جا رہی ہے۔

ابتدائی جھلکیوں کے مطابق یہ ڈراما محض ایک عورت کی آزادی کی خواہش تک محدود نہیں بلکہ اس سے کہیں زیادہ گہرے سماجی مسائل کو زیرِ بحث لائے گا۔

کاشف انور کا تخلیقی ریکارڈ

رائٹر کاشف انور کی گزشتہ تحریریں ان کے معیار کی گواہ ہیں۔ انہوں نے 2020 میں ہم ٹی وی کے لیے ڈراما ’ثبات‘ لکھا، جس میں ہراسانی، طبقاتی تفریق اور ذہنی صحت جیسے حساس موضوعات کو موضوع بنایا گیا۔

اسی طرح 2023 میں ان کا ڈراما ’نیم‘ سامنے آیا، جو جاگیردارانہ پس منظر میں سماجی اصلاح کی کثیر الجہتی کہانی تھی۔

مزید پڑھیں:دنانیر مبین اور احد رضا میر کا رومانوی فوٹوشوٹ مداحوں کو بھا گیا

اسی سال گرین انٹرٹینمنٹ کے لیے لکھا گیا ان کا ڈراما ’نوروز‘ بھی تنہائی میں پرورش پانے اور بقا کی جنگ لڑنے کی ایک دلچسپ داستان کے طور پر پیش کیا گیا۔

اس تخلیقی پس منظر کو دیکھتے ہوئے توقع کی جا رہی ہے کہ ’حرمت‘ بھی ناظرین کے لیے ایک بامعنی اور فکر انگیز تجربہ ثابت ہوگا۔

ڈراما ’حرمت‘ کی ہدایت کاری کے فرائض ندیم صدیقی نے سرانجام دیے ہیں، جبکہ اسے مومنہ درید کی نگرانی میں تیار کیا گیا ہے۔ تاہم ابھی تک اس بات کی حتمی تاریخ سامنے نہیں آئی کہ یہ ڈرامہ باقاعدہ نشریات کا حصہ کب بنے گا۔

ڈرامے کے سرکاری خلاصے کے مطابق کچھ خواب اپنی قیمت مانگتے ہیں، جبکہ کچھ پابندیاں خاموشی سے زندگی کا حصہ بن جاتی ہیں۔ توقعات اور دل کی خواہشات کے درمیان آزادی کی ایک جنگ شروع ہوتی ہے۔ ’حرمت‘ دراصل خوابوں، حدود اور ان پر سوال اٹھانے کے حوصلے کی کہانی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp