کراچی: لانڈھی میں فیکٹری میں لگی آگ پر کئی گھنٹوں بعد بھی قابو نہ پایا جاسکا

پیر 7 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لانڈھی ایکسپورٹ پراسیسنگ زون میں فیکٹریوں میں آگ لگنے کے واقعے کو 7 گھنٹے گزرنے کے باوجود فیکٹری میں لگی آگ پر قابو نہیں پایا جاسکا ہے، جبکہ آگ نے ساتھ والی فیکٹری کی عمارت کو بھی لپیٹ میں لے لیا ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی اور فائر بریگیڈ و ریسکیو اداروں کو تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاکر آگ پر جلد قابو پانے کی ہدایت کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: گل پلازہ سانحہ: جوڈیشل کمیشن کی 78 صفحات پر مشتمل رپورٹ منظرعام پر آگئی، اہم انکشافات

آگ کی شدت کے پیش نظر شہر بھر سے فائر ٹینڈرز کو طلب کرلیا گیا۔ فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 کے مطابق 16 فائر ٹینڈرز، 2 اسنارکل اور واٹر باؤزر آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق فیکٹری کی عمارت میں استعمال شدہ کپڑا اور دیگر سامان بڑی تعداد میں موجود ہونے کے باعث آگ نے خطرناک صورت اختیار کرلی، جبکہ عمارت کے اندر شدید دھواں بھر جانے سے ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔

آگ کی شدت اور حدت کے باعث عمارت میں گہری دراڑیں پڑگئیں، فیکٹری کا ایک حصہ اور گودام کی عمارت منہدم ہوگئی، جبکہ آگ سے فیکٹری کا آدھا حصہ شدید متاثر ہوا ہے۔

فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ خوش قسمتی سے آتشزدگی کے وقت فیکٹری میں کوئی عملہ موجود نہیں تھا، جس کے باعث فی الحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم آگ لگنے کی بنیادی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی کے علاقے صدر میں موبائل مارکیٹ میں آگ بھڑک اٹھی

ترجمان ریسکیو 1122 اور فائر بریگیڈ کے مطابق ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور آگ پر قابو پانے کی کوششیں مسلسل جاری ہیں۔

واقعے کی سنگینی کے پیش نظر سندھ رینجرز کے جوان بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق اہلکار فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیموں کے ساتھ مل کر امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، جبکہ متاثرہ عمارت کے گرد حفاظتی حصار قائم کرکے رینجرز کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے تاکہ علاقے کو محفوظ رکھا جاسکے اور ٹریفک کی روانی برقرار رہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp