پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے پارٹی کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا، اجلاس ہفتے کو سہ پہر 3 بجے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ہوگا۔
اجلاس میں متوقع بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے پارٹی کی حکمت عملی پر مشاورت کی جائے گی اور انتخابی تیاریوں کا جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے والے رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف کارروائی کے معاملے پر بھی غور ہوگا، جبکہ غیر فعال تنظیمی عہدیداروں کے خلاف ایکشن سے متعلق بھی مشاورت کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں:نئے صوبوں کی بحث غیر سنجیدہ، معاملہ پارلیمنٹ میں آئے گا تو مسلم لیگ ن اپنا مؤقف دے گی، رانا ثنا اللہ
اجلاس میں اضلاع اور پارٹی کے مختلف ونگز میں خالی عہدوں پر نئے عہدیداروں کی نامزدگی کے حوالے سے بھی پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کی جائے گی۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں تنظیمی معاملات کے ساتھ ساتھ آئندہ بلدیاتی انتخابات کے لیے نچلی سطح پر پارٹی کو مزید فعال بنانے اور انتخابی تیاریوں کو منظم کرنے کے امور بھی زیرغور آئیں گے۔














