پہلی بیوی کی والدہ اور دوسری بیوی کا قتل، کوئٹہ کچلاک پولیس نے سفاک ملزم دھر لیا

بدھ 9 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ کے علاقے کچلاک میں شوہر نے مبینہ طور پر اپنی 15 سالہ دوسری بیوی کو چاقو اور لوہے کے سریوں کے وار کر کے قتل کر دیا، جس کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس کے مطابق افسوسناک واقعہ کچلاک کے علاقے ‘سملی’ میں پیش آیا جہاں ملزم ‘کامران عرف عبدالستار’ نے اپنی 15 سالہ بیوی پر چاقو، خنجر اور لوہے کے سریوں سے حملہ کر کے شدید زخمی کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں:خیبر پختونخوا: 22 سال پرانے دوہرے قتل میں مجرم کو دوبار عمر قید کی سزا، کیس میں تاخیر کیوں ہوئی؟

ایف آئی آر کے متن کے مطابق گرفتار ملزم نے پولیس کے سامنے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔ ملزم کا کہنا تھا کہ اس کی بیوی گلی میں تانک جھانک کرتی تھی اور بار بار منع کرنے کے باوجود نہ مانی، جس پر اس نے طیش میں آ کر تشدد کا نشانہ بنایا۔

اسپتال منتقلی اور پولیس کارروائی

ملزم زخمی حالت میں اپنی بیوی کو کوئٹہ کے ‘ٹراما سینٹر’ لے کر پہنچا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں دم توڑ گئی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کامران کو حراست میں لے لیا۔ مقتولہ کی لاش کو اسپتال میں ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

سابقہ مجرمانہ ریکارڈ اور پس منظر

پولیس کے مطابق مقتولہ کی ملزم کے ساتھ شادی تقریباً 1 سے 2 سال قبل ہوئی تھی اور وہ ملزم کی دوسری بیوی تھی۔

مزید پڑھیں:علی رضا عابدی کے بعد میر رضا قتل کیس میں بھی ایپل ڈیوائسز کی ڈی کوڈنگ معمہ بن گئی

تفتش کے دوران معلوم ہوا کہ گرفتار ملزم پہلے سے ہی ایک سنگین مقدمے میں مفرور اور اشتہاری تھا۔ ملزم نے پہلی بیوی کو طلاق دینے کے بعد اپنی سابقہ ساس کو بھی قتل کر دیا تھا اور اس کیس میں پولیس کو مطلوب تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp