پاکستان میں پہلے ٹرانس نیشنل ایجوکیشن پارٹنرشپ پروگرام کا آغاز

جمعہ 11 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور میں دی یونیورسٹی آف لاہور اور یونیورسٹی آف پلے ماؤتھ کے باہمی اشتراک سے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ’ٹرانس نیشنل ایجوکیشن پارٹنرشپ‘ کا باضابطہ آغاز کردیا گیا۔

اس حوالے سے دی یونیورسٹی آف لاہور میں تقریب منعقد ہوئی جس میں برطانوی ہائی کمیشن لاہور آفس کے سربراہ بین وارنگٹن نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ تقریب کی صدارت چیئرمین بورڈ آف گورنرز دی یونیورسٹی آف لاہور اویس رؤف نے کی۔ یونیورسٹی آف پلے ماؤتھ کے وفد کی قیادت ایسوسی ایٹ پرو وائس چانسلر برائے ٹرانس نیشنل ایجوکیشن پروفیسر ولادیمیر بوگدان گیتا نے کی۔

یہ بھی پڑھیں: ہزاروں طلبہ کے خواب خطرے میں: برطانوی یونیورسٹیوں میں عارضی پابندی کی وجہ کیا ہے؟

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی بین وارنگٹن نے کہا کہ برطانیہ اور پاکستان کے درمیان تعلیمی شراکت داری سے طلبہ و طالبات کو مقامی سطح پر عالمی معیار کی تعلیم اور بہترین مواقع میسر آئیں گے، جن سے ان کے علم اور اعتماد میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے برٹش کونسل کے اہم کردار کو سراہتے ہوئے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تعلیمی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

اس موقع پر چیئرمین بورڈ آف گورنرز اویس رؤف نے پروگرام کے آغاز کو تعلیمی شعبے کے لیے اہم سنگِ میل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی کسی بھی یونیورسٹی میں اپنی نوعیت کا پہلا ٹرانس نیشنل ایجوکیشن پروگرام ہے، جس سے طلبہ و طالبات کے لیے اعلیٰ تعلیم کے بے شمار نئے راستے کھلیں گے۔ انہوں نے اس دیرینہ خواب کو حقیقت کا روپ دینے والی پوری ٹیم کو مبارکباد بھی پیش کی۔

یہ بھی پڑھیں: ہونہار اسکالرشپ کے لیے کونسی دستاویزات درکار ہیں؟

یونیورسٹی آف پلے ماؤتھ کے نمائندے پروفیسر ولادیمیر بوگدان گیتا نے دی یونیورسٹی آف لاہور کی میزبانی اور تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ مشترکہ علمی کاوشوں کا نتیجہ ہے، جس کے تحت دی یونیورسٹی آف لاہور میں مستقبل کے طلبہ و طالبات کو باہمی تحقیق اور ترقی کے بہترین مواقع میسر آئیں گے۔

تقریب کے دوران دونوں جامعات کی باہمی شراکت داری کے دائرہ کار پر مبنی خصوصی ویڈیو پریزنٹیشن بھی دکھائی گئی، جس کے بعد معزز مہمانوں کو اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں۔ بعد ازاں نئے پروگرامز کے باضابطہ افتتاح کے ساتھ کیک کاٹا گیا اور آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp