چین کے لیے نامزد پاکستانی سفیر علی اسد گیلانی نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کی، جس میں پاک چین دیرینہ اور آزمودہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے چین کے لیے نامزد سفیر علی اسد گیلانی کو نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے خصوصی اور ہر آزمائش پر پورا اترنے والے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔
نائب وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان آل ویدر اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنایا جانا چاہیے۔
Pakistan’s Ambassador-designate to China, Ambassador Ali Asad Gilani, called on Deputy Prime Minister/Foreign Minister Senator Mohammad Ishaq Dar @MIshaqDar50.
The DPM/FM congratulated Ambassador-designate Gilani on his appointment and underscored the special importance Pakistan… pic.twitter.com/j1TnNDHwRY
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) September 12, 2026
ملاقات کے دوران رابطوں اور مواصلاتی منصوبوں، چین پاکستان اقتصادی راہداری، زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی، تعلیم اور عوامی سطح پر روابط بڑھانے سمیت باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر بھی زور دیا گیا۔
اسحاق ڈار نے علی اسد گیلانی کی ایشیا پیسیفک کے لیے ایڈیشنل سیکریٹری کی حیثیت سے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کا تجربہ بیجنگ میں نئی ذمہ داریوں کی انجام دہی اور پاکستان چین شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر کے عوام کے لیے خوشخبری، اسحاق ڈار کا ترقیاتی منصوبوں پر کام تیز کرنے کا حکم
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے نامزد سفیر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ چین میں اپنی سفارتی ذمہ داریاں کامیابی سے انجام دیں گے اور دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید فروغ دینے میں مؤثر کردار ادا کریں گے۔














