پاکستان کی معروف اداکارہ ماہرہ خان نے 17 سال بعد دوسری بار حمل کے تجربے، جسمانی مشکلات اور اس دوران پیش آنے والی جذباتی تبدیلیوں کے بارے میں کھل کر گفتگو کی ہے۔
ماہرہ خان اپنے دوسرے بچے کی آمد کی منتظر ہیں۔ اداکارہ نے حال ہی میں ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول (TIFF) کے دوران پہلی مرتبہ اپنا بے بی بمپ نمایاں کیا، جہاں انہوں نے حمل کی خبر عوام کے ساتھ شیئر کرنے کے حوالے سے اپنی جھجھک بھی بیان کی۔
یہ بھی پڑھیں: ٹورنٹو فلم فیسٹیول میں ماہرہ خان کا ڈیبیو، دوسری بار ماں بننے کا اعلان
ایک انٹرویو میں ماہرہ خان نے بتایا کہ وہ نجی زندگی کو عوامی سطح پر زیرِ بحث لانے سے گریز کرتی ہیں، اسی لیے حمل کے اعلان کے حوالے سے وہ قدرے تذبذب کا شکار تھیں۔ تاہم بعد میں انہوں نے محسوس کیا کہ وہ اپنے جسم میں آنے والی تبدیلیوں کو چھپانے کے بجائے انہیں قبول کرنا چاہتی ہیں۔
اداکارہ نے اپنی پہلی اور موجودہ حمل کے درمیان فرق بیان کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ پہلی مرتبہ حاملہ ہوئی تھیں تو ان کی عمر صرف 24 سال تھی، جبکہ اب وہ 41 برس کی ہیں، اس لیے دونوں تجربات میں زمین آسمان کا فرق ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ماہرہ خان اور وہاج علی کے نئے ڈرامے ’مٹی دے باوے‘ کا دھماکے دار ٹریلر جاری
ماہرہ خان کے مطابق 24 سال کی عمر میں وہ زیادہ پُرجوش اور بے فکر تھیں، صحت بھی اچھی تھی اور انہوں نے حمل کے دوران ممکنہ مشکلات کے بارے میں زیادہ نہیں سوچا تھا، لیکن اس بار صورتحال مختلف ہے۔
انہوں نے کہا کہ 41 سال کی عمر میں دوسری بار حمل جسمانی طور پر زیادہ مشکل محسوس ہو رہا ہے، جبکہ جذباتی طور پر بھی یہ تجربہ ان کے لیے ایک بڑی تبدیلی کا باعث بنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ’ہم نے نام بھیجے، وفاق نے مسترد کردیے‘، ماہرہ خان اور فہد مصطفیٰ کو قومی اعزاز نہ ملنے پر سندھ کے وزیرِ ثقافت کا بڑا انکشاف
انہوں نے کہا میرا ایک بڑا بیٹا ہے۔ میرا کام ہے، میرے معمولات ہیں، میری خودمختاری ہے۔ میرے ذہن میں یہ تصور موجود تھا کہ میری زندگی کا یہ مرحلہ کیسا ہوگا۔ اتنے برس بعد اچانک خود کو دوبارہ اس سفر کا آغاز کرتے ہوئے پانا میرے لیے جذباتی طور پر بھی ایک بڑی تبدیلی کا باعث بنا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ آپ اپنے اور اپنی زندگی کے بارے میں بہت سی چیزوں کا تصور کرتے ہیں اور ضروری نہیں کہ اس مرحلے پر یہ ان چیزوں میں شامل ہو جن کا آپ نے تصور کیا ہو۔ لیکن ہم منصوبہ بناتے ہیں اور پھر اللہ منصوبہ بناتا ہے، اور یقیناً اُس کے منصوبے سب سے برتر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کنگ چارلس سے ملاقات ہوئی اور انہوں نے فلاحی سرگرمیوں پر میرا شکریہ ادا کیا، ماہرہ خان
انہوں نے کہا کہ یہ غیر متوقع حمل انہیں زندگی کے ہر معاملے کو اپنی مرضی کے مطابق منصوبہ بندی کرنے کی ضرورت سے آزاد ہونے اور حالات کو قبول کرنے کا سبق دے رہا ہے۔
ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ موجودہ تجربے نے انہیں یہ سکھایا ہے کہ زندگی کے بعض انتہائی اہم اور خوبصورت لمحات ایسے وقت میں سامنے آتے ہیں جب انسان نے ان کے بارے میں کبھی سوچا بھی نہیں ہوتا۔














