نئی دہلی میں موجود ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے مایہ ناز بھارتی گلوکار کشور کمار کا مقبول گیت ’خواب ہو تم یا کوئی حقیقت‘ گا کر سب کو حیران کردیا۔
انور ابراہیم کی اچانک گیت گانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی، جس پر بڑی تعداد میں بھارتی صارفین نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا۔
یہ بھی پڑھیں: تھائی لینڈ اور سنگاپور کے وزرائے اعظم کی میوزیکل ڈپلومیسی، ویڈیو وائرل
صارفین نے جہاں گیت کے انتخاب کو سراہا، وہیں وزیراعظم انور ابراہیم کی مصروف سفارتی سرگرمیوں کے دوران موسیقی کے لیے وقت نکالنے کو بھی پسند کیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بشواجیت رائے نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے لیجنڈری بھارتی گلوکار کشور کمار کا لازوال گیت گایا اور ان کی آواز نے بھی لوگوں کو متاثر کیا۔
Malaysia PM Anwar Ibrahim sings a Hindi songs in Delhi. He is in Delhi for BRICS + summit. pic.twitter.com/aXqEYPUYT4
— Sidhant Sibal (@sidhant) September 12, 2026
ایک اور صارف پیوش مورادے نے انور ابراہیم کے گیت کو سراہتے ہوئے اسے بہترین انتخاب قرار دیا اور کہا کہ وزیراعظم نے نہایت خوبصورت اور پُرجوش انداز میں گیت پیش کیا۔
سومک دتا رائے نے لکھا کہ زندگی اتار چڑھاؤ کے سروں سے مل کر بننے والا ایک گیت ہے اور انہیں وزیراعظم کی یہ پیشکش بہت پسند آئی۔
مزید پڑھیں: ساڑھی پہن کر مائیکل جیکسن کے شاندار ڈانس اسٹیپس، بھارتی خاتون کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل
انہوں نے اسے برکس 2026 سے متعلق سرگرمیوں کا ’سب سے خوشگوار لمحہ‘ قرار دیا، انسٹاگرام پر حلیزہ جیفری نے بھی آگ کے ایموجی کے ساتھ انور ابراہیم کی کارکردگی کو سراہا۔
یہ گیت 1965 میں ریلیز ہونے والی ہندی فلم ’تین دیویاں‘ کا حصہ تھا اور کشور کمار کے مقبول ترین گیتوں میں شمار ہوتا ہے۔
ایک منٹ 32 سیکنڈ دورانیے کی اس ویڈیو کو ایکس پر تقریباً 6 لاکھ 50 ہزار مرتبہ دیکھا جا چکا تھا، جبکہ دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی اسے مثبت ردعمل موصول ہوا۔














