روایتی لباس ساڑھی پہن کر پاپ موسیقی کے بے تاج بادشاہ مائیکل جیکسن کے مشہورِ زمانہ ڈانس اسٹیپس کرنے والی ایک بھارتی لڑکی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جسے دیکھ کر انٹرنیٹ صارفین حیرت زدہ رہ گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مائیکل جیکسن کا 43 سال پرانا گانا دنیا کا نمبر ون ٹریک کیسے بن گیا؟
ڈیجیٹل مواد تیار کرنے والی کومل کماری نامی اس بھارتی کانٹینٹ کریٹر نے مائیکل جیکسن کے شہرہ آفاق گانے ’بلی جین‘ پر شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس ویڈیو کی خاص بات یہ ہے کہ ساڑھی جیسے روایتی اور بھاری لباس میں، جس میں عام طور پر نقل و حرکت محدود ہو جاتی ہے، کومل نے انتہائی مہارت اور توازن کے ساتھ تمام اسٹیپس کو ہوبہو نقل کیا ہے۔
View this post on Instagram
ویڈیو کو مزید دلچسپ اور تفریحی بنانے کے لیے اس میں ایک طنزیہ اسکیٹ (ڈرامائی منظر) بھی شامل کیا گیا ہے، جس میں یہ تصور پیش کیا گیا ہے کہ اگر ان کی والدہ سال 2026 میں آنے والی میوزیکل فلم ‘مائیکل’ دیکھنے کے بعد اچانک پاپ اسٹار کے ڈانس اسٹائل کی دیوانی ہو جائیں تو کیا منظر نامہ بنے گا۔
یہ بھی پڑھیں: مائیکل جیکسن کی زندگی پر بنی فلم ریلیز، شاندار موسیقی مگر ادھوری کہانی
جیسے ہی میوزک شروع ہوتا ہے، کومل انتہائی اعتماد کے ساتھ مائیکل جیکسن کے کلاسک اسٹیپس، روبوٹک پاپنگ اور ان کا دنیا بھر میں مشہور ’مونک واک‘ پیش کرتی ہیں۔
سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے اس منفرد پرفارمنس کو بے حد سراہا جارہا ہے، جہاں کمنٹس سیکشن میں لوگ ان کے بہترین توازن، جسمانی لچک اور مغربی پاپ کلچر کو بھارتی روایات کے ساتھ خوبصورتی سے یکجا کرنے کی تعریفیں کررہے ہیں۔














