وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سے بین الاقوامی کمپنیوں وی ٹی ٹی آئی اور ہنی ویل یو او پی کے وفود نے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں پاکستان کے توانائی اور ریفائنری کے شعبوں میں سرمایہ کاری اور جدید ٹیکنالوجی کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وی ٹی ٹی آئی کے وفد نے پاکستان میں انرجی اسٹوریج، بانڈڈ ویئر ہاؤس اور ایل پی جی اسٹوریج ٹرمینل میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
امریکی کمپنی ہنی ویل یو او پی کے وفد نے پاکستان کی ریفائنری اپ گریڈیشن میں مزید سرمایہ کاری اور جدید ٹیکنالوجی فراہم کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔
وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے پاکستان کے توانائی کے شعبے میں بین الاقوامی کمپنیوں کی سرمایہ کاری میں دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کو صاف، قابل اعتماد اور سستی توانائی کی فراہمی کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ حکومت شفاف اور منصفانہ قیمتوں کے نظام پر یقین رکھتی ہے۔
اس موقع پر امریکی کمپنی کے نمائندوں نے کہاکہ موجودہ وقت امریکی فنانسنگ سے فائدہ اٹھانے اور پاکستان کی ریفائنری اپ گریڈیشن میں سرمایہ کاری کے لیے اہم موقع ہے۔
وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت ریفائنری اپ گریڈیشن کے ذریعے ملکی ریفائننگ صلاحیت اور کارکردگی بہتر بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔














