بھارتی کرکٹ ٹیم کے بائیں ہاتھ کے جارحانہ اوپنر ابھیشیک شرما نے افغانستان کے خلاف کھیلے گئے تیسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں محض 30 گیندوں پر سنچری اسکور کر کے بھارت کی جانب سے تیز ترین ٹی 20 سنچری کا نیا عالمی ریکارڈ بنا دیا ہے۔ اس جارحانہ اننگز کی بدولت انہوں نے عالمی کرکٹ کے متعدد ریکارڈز بھی اپنے نام کر لیے ہیں۔
ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں افغانستان کے خلاف سیریز کے تیسرے ٹی 20 میچ میں بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت ملی تو اوپنر ابھیشیک شرما نے ابتدا ہی سے افغان بولنگ لائن اپ کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا۔
یہ بھی پڑھیے پاکستانی بیٹر معاذ صداقت کی تاریخ ساز اننگز، تیز ترین سنچری بنانے والے کم عمر ترین کھلاڑی بن گئے
ابھیشیک شرما نے میدان کے ہر طرف دلکش اور جارحانہ شاٹس کھیلتے ہوئے صرف 30 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی۔ وہ 34 گیندوں پر 108 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، جس میں 11 فلک شگاف چھکے اور 9 دلکش چوکے شامل تھے۔
اس حیران کن اننگز کے ساتھ ہی ابھیشیک شرما نے زمبابوے کے سکندر رضا اور نیوزی لینڈ کے فن ایلن کے 33، 33 گیندوں پر سنچری بنانے کا سابقہ ریکارڈ توڑ دیا ہے اور ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں تیز ترین سنچری بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں اپنا نام درج کروا لیا ہے۔













