ازبکستان کے صحافیوں کے ایک خصوصی وفد نے وی نیوز کا دورہ کیا اور اس کے نیوز آپریشنز کا جائزہ لیا۔ وی نیوز کے چیف ایڈیٹر عمار مسعود نے وفد کا استقبال کیا اور انہیں بریفنگ دی۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے آپس میں گہرے دوستانہ اور برادرانہ تعلقات ہیں اور ازبک صحافی یہاں بطور مہمان نہیں آئے بلکہ ہمیں محسوس ہو رہا ہے کہ ہمارے بھائی، بہن ہم سے ملنے آئے ہیں۔
عمار مسعود نے ازبک صحافیوں کو وی نیوز کی برق رفتار ترقی کے بارے میں بھی بتایا اور کہا کہ ہم نے انتہائی قلیل عرصے میں پاکستان کے ذرائع ابلاغ کے منظرنامے پر گہرے نقوش مرتب کئے ہیں۔
اس موقع پر ازبک صحافیوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہ صرف پاکستان کی میزبانی سے مرعوب ہوئے ہیں بلکہ پاکستان کی تعمیر و ترقی، خوشحالی، استحکام خوبصورتی اور بہترین موسم بھی خوشگوار حیرت کا باعث بنے ہیں۔
گفتگو کے دوران ازبک صحافیوں نے پاکستان کی عسکری قوت پر بھی اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان ایسا ملک ہے جہاں پر کم از کم ایک مرتبہ ضرور آنا چاہیے۔
اس موقع پر دونوں ممالک کے مابین وفود کے تبادلے میں اضافے کے بارے میں بھی اظہار خیال کیا گیا۔












