پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کے زیر اہتمام اسکول ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے سیزن 2 کا باقاعدہ آغاز کل قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ایچیسن کالج اور بیکن ہاؤس کے درمیان افتتاحی میچ سے ہو رہا ہے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اس ایونٹ کا باقاعدہ افتتاح کریں گے، جبکہ ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے والے طالب علموں کو پی سی بی کے ایج گروپ اور پاتھ وے سسٹم میں شامل کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:پی سی بی نے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام فار اسکولز کے دوسرے سیزن کا اعلان کر دیا
افتتاحی میچ کے اختتام پر پی سی بی نے شائقینِ کرکٹ کی تفریح کے لیے معروف گلوکار راحت فتح علی خان کے کنسرٹ کا بھی اہتمام کیا ہے۔
قذافی اسٹیڈیم میں دوپہر 2 بجے شروع ہونے والے اس افتتاحی میچ اور کنسرٹ دونوں کے لیے شائقین کا داخلہ بالکل مفت رکھا گیا ہے۔
ٹورنامنٹ کا دائرہ کار اور جامع تیاریاں
سال 27-2026 کے اس ایڈیشن میں ملک بھر کے 100 اضلاع سے 1400 اسکول حصہ لے رہے ہیں۔ پی سی بی کی قیادت کے وژن کے تحت اس بار ٹورنامنٹ کی رسائی کو مزید 39 اضلاع اور 450 اسکولوں تک بڑھایا گیا ہے۔
اس ایونٹ کے لیے پی سی بی کے ریجنل اور ڈسٹرکٹ کوچز نے اگست اور ستمبر میں ملک بھر میں ٹرائلز اور تربیتی کیمپوں کا انعقاد کیا۔
کپتانوں کا جوش و خروش اور ٹرافی فوٹو شوٹ
افتتاحی میچ سے قبل ایچیسن کالج کے کپتان داؤد توقیر اور بیکن ہاؤس کے کپتان احمد شاہزل نے قذافی اسٹیڈیم میں ٹرافی کے ہمراہ فوٹو شوٹ میں شرکت کی۔
مزید پڑھیں:پی سی بی ٹیلنٹ ہنٹ: خواتین کرکٹرز کے لیے مختلف شہروں میں ٹرائلز 23 تا 31 اگست ہوں گے
کپتانوں نے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس ٹورنامنٹ سے ملک بھر کے اسکول کے بچوں میں زبردست جوش و خروش ہے اور انہیں پی سی بی کے ایج گروپ ٹورنامنٹس تک رسائی کا بہترین پلیٹ فارم مل رہا ہے۔
گراس روٹ کرکٹ کی سرپرستی
پی سی بی نے مسلسل دوسرے سیزن میں ملک بھر میں اسکول کرکٹ کے نظام کو فعال بنانے کے لیے بھاری مالی اور افرادی وسائل فراہم کیے ہیں۔
بورڈ نے جن اسکولوں کے پاس اپنے گراؤنڈز موجود نہیں تھے، ان کے لیے میچز کے لیے مختلف میدانوں کا بندوبست کرنے کے ساتھ ساتھ متعدد اسکولوں کو کرکٹ اور پلےئنگ کٹس بھی فراہم کی ہیں۔














