کوہاٹ: پولیس لائنز مسجد دھماکے میں شہید اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا

جمعہ 18 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کوہاٹ کی پرانی پولیس لائنز کی مسجد میں جمعہ کی نماز کے دوران ہونے والے دھماکے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: کوہاٹ پولیس لائنز میں خودکش دھماکا، شہدا کی تعداد 21 تک پہنچ گئی، 100 سے زائد زخمی

نماز جنازہ میں انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید، صوبائی وزیر اطلاعات شفیع اللہ جان، وزیر قانون آفتاب عالم، جنرل آفیسر کمانڈنگ، کمشنر کوہاٹ سمیت دیگر اعلیٰ حکام، سیاسی و سماجی شخصیات، شہدا کے اہلخانہ اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقعے پر کوہاٹ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہدا کو سلامی دی جبکہ اعلیٰ حکام نے شہداء کی میتوں پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔ پولیس، افواج پاکستان اور سول افسران نے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔

نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد شہدا کے جسد خاکی آبائی علاقوں کی جانب روانہ کر دیے گئے۔

آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا کہ شہدا کے خون کے ہر قطرے کا حساب لیا جائے گا اور دہشتگردوں پر خیبرپختونخوا کی سرزمین تنگ کر دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بزدل دہشتگردوں نے جمعے کی نماز ادا کرنے والے نمازیوں کو نشانہ بنایا۔ ان کے بقول دہشتگردوں کا یہ بزدلانہ فعل اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ ان کا دین اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔

مزید پڑھیے: خیبر پختونخوا میں 10 خوارج ہلاک، 6 سیکیورٹی اہلکار شہید

آئی جی پولیس نے کہا کہ دہشتگردوں کے نیٹ ورک کا سراغ لگایا جا رہا ہے اور ان کے سہولتکاروں کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp