چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پشاور کور ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز کو خیبر پختونخوا کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال، جاری انسداد دہشتگردی کارروائیوں، بارڈر مینجمنٹ اقدامات اور صوبے میں تعینات فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔
مزید پڑھیں:ترکیہ کے یومِ فتح پر آئی ایس پی آر کا پاک ترک دوستی سے بھرپور نغمہ ’دو دل، ایک جان‘ جاری
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے، تیاری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور ملک و قوم کے تحفظ کے لیے ان کی مستقل وابستگی کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے فارمیشنز کو چوکس رہنے اور آپریشنل تیاری کے اعلیٰ ترین معیار برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔
آرمی چیف نے کہا کہ قوم کی غیر متزلزل حمایت سے مسلح افواج دہشتگردی کو شکست دینے اور ملک بھر میں دیرپا امن و استحکام یقینی بنانے کے عزم پر قائم ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
مزید پڑھیں:ڈی جی آئی ایس پی آر کی سمر انٹرن شپ 2026 کے 6,150 سے زائد طلبا سے خصوصی نشست
انہوں نے مادر وطن کے دفاع اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔
پشاور پہنچنے پر کمانڈر پشاور کور نے آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز کا استقبال کیا۔














