افغانستان میں تیار ہونے والی تقریباً 463 کلوگرام کرسٹل میتھ ایمفیٹامین، جس کی مالیت 21 ملین ڈالر ہے، پاکستان سے سری لنکا اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔
امریکی ڈرگ انفورسمینٹ ایڈمنسٹریشن (ڈی ای اے) نے پاکستان کی اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کو کارروائی میں معاونت فراہم کی، جبکہ متعدد مشکوک افراد، جن میں پاکستانی شہری بھی شامل ہیں، کو گرفتار کرلیا گیا۔
امریکی سفارتخانہ اسلام آباد کے اعلامیے کے مطابق 30 اگست کو ہونے والی کارروائی میں 21 ملین ڈالر مالیت کی تقریباً 463 کلوگرام کرسٹل میتھ ضبط کی گئی۔
ٹرمپ انتظامیہ نے غیر قانونی منشیات کی نقل و حرکت کی روک تھام کو امریکہ کو مزید محفوظ بنانے کی ترجیح کا کلیدی پہلو قرار دیا ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ڈرگ انفورسمینٹ ایڈمنسٹریشن (ڈی ای اے) کے اسلام آباد میں قائم سفارتی دفتر نے پاکستان کی اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کو منشیات ضبط کرنے میں معاونت فراہم کی، جبکہ اس کارروائی میں سری لنکا کے پولیس نارکوٹکس بیورو اور ڈی ای اے نئی دہلی کی معاونت بھی شامل تھی۔
کراچی بندرگاہ سے سری لنکا جانے والے کنٹینرز میں منشیات کی موجودگی کا شبہ
دستیاب تفصیلات کے مطابق 14 سے 29 اگست کے درمیان اے این ایف کے کراچی بندرگاہ پر قائم کنٹرول یونٹ نے پاکستان سے کولمبو، سری لنکا روانگی کے لیے لدے ہوئے کنٹینرز میں افغانستان میں تیار ہونے والی غیر قانونی منشیات کی موجودگی کا شبہ ظاہر کیا تھا۔
اے این ایف کی جانب سے بروقت اطلاع موصول ہونے پر ڈی ای اے نے متعلقہ ممالک کے حکام کے ساتھ مل کر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں منشیات کو اپنی تحویل میں لے لیا گیا، جبکہ پاکستانی شہریوں سمیت متعدد مشکوک افراد کو گرفتار کیا گیا۔
اے این ایف کی استعداد کار بڑھانے میں امریکی معاونت
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ امریکی حکومت کی معاونت نے پاکستان کی اینٹی نارکوٹکس فورس کو مستقل بنیادوں پر تربیت فراہم کرکے اس کی استعداد کار میں اضافہ کیا ہے۔
اے این ایف منشیات کی نقل و حرکت کی روک تھام سے متعلق امریکی ترجیحات پر عمل درآمد میں اہم شراکت دار کا کردار ادا کر رہی ہے۔
امریکی حکومت نے کثیرالملکی جرائم پیشہ گروہوں کو توڑنے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے، تاکہ امریکی شہریوں کو منشیات تک رسائی کے خطرات سے محفوظ رکھنے کو یقینی بنایا جا سکے۔














