نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کو افغانستان کی صورتحال پر شدید تشویش ہے، کیوں کہ وہاں پر دہشتگرد گروہ موجود ہیں۔ طالبان سے توقع تھی کہ وہ اپنے وعدوں کی پاسداری کریں گے۔
نیویارک میں او آئی سی رابطہ گروپ برائے افغانستان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہاکہ پاکستان افغانستان میں موجود دہشت گرد گروہوں کے حوالے سے تشویش رکھتا ہے اور خطے میں امن و سلامتی کے لیے اس صورتحال پر مسلسل توجہ ضروری ہے۔
نائب وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان پہلا ملک تھا جس نے افغان بھائیوں کے لیے اپنے دروازے کھولے۔
اسحاق ڈار نے پاکستان میں دہشتگردی کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ہفتے کوہاٹ میں ہونے والے خودکش دھماکے میں 23 پاکستانی شہید ہوگئے۔
واضح رہے کہ پاکستان افغانستان سے ہمیشہ یہ مطالبہ کرتا آیا ہے کہ اپنی سرزمین ہمارے خلاف استعمال نہ ہونے دی جائے لیکن طالبان حکام کی جانب سے وعدوں کی پاسداری نہیں کی گئی۔
افغان طالبان حکام کی وعدہ خلافیوں کے خلاف پاکستان کی سول و عسکری قیادت نے سخت فیصلے کیے، جس کے بعد افغانستان میں دہشتگرد گروہوں کے خلاف فضائی کارروائیاں کی گئیں، اور اب بھی جب پاکستان کے خلاف افغان سرزمین استعمال ہوتی ہے تو دہشتگرد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔














