سری لنکا: ایسٹر دھماکوں کی سازش میں ملوث 15 افراد کو طویل قید کی سزائیں

بدھ 23 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سری لنکا کی ہائیکورٹ نے ایسٹر سنڈے کے موقع پر 3 گرجا گھروں اور 3 لگژری ہوٹلوں میں خودکش بم دھماکوں کی منصوبہ بندی کے الزام میں گرفتار 15 افراد کو طویل قید کی سزائیں سنائی ہیں۔ عدالت نے تمام مجرموں کے منقولہ اور غیر منقولہ اثاثے ضبط کرنے کا بھی حکم دیا۔ مقدمے میں 9 دیگر افراد کو بری کردیا گیا۔

سزا پانے والوں میں نوفَر مولوی بھی شامل ہے، جسے استغاثہ نے حملوں کا مرکزی منصوبہ ساز قرار دیا تھا۔ 25 افراد پر فرد جرم عائد کی گئی تھی، جن میں سے ایک دورانِ حراست ہلاک ہوگیا۔ منگل کو سزا پانے والے 15 ملزمان کو 23 ہزار سے زائد جرائم کے الزامات کا سامنا تھا اور انہیں 2 جیل بسوں میں جوڑے کی شکل میں ہتھکڑیاں لگا کر عدالت لایا گیا۔

یہ بھی پڑھیے سری لنکا کی جیل میں ہنگامے، 19 افراد ہلاک، 100 سے زائد زخمی

اپریل 2019 میں ہونے والے مربوط بم دھماکے سری لنکا میں 2009 میں خانہ جنگی کے خاتمے کے بعد ہونے والے سب سے ہلاکت خیز حملے تھے۔ ہلاک ہونے والوں میں 45 غیر ملکی بھی شامل تھے، جن میں 11 بھارتی، 8 برطانوی اور 5 امریکی شہری شامل تھے۔

ہلاک ہونے والوں میں بچوں سمیت بڑی تعداد میں سری لنکن شہری بھی شامل تھے، جبکہ ڈنمارک کے ارب پتی آندرس ہولش پَوولسن کے 3 بچے بھی کولمبو کے شنگری لا ہوٹل پر حملے میں مارے گئے تھے۔

حملوں کے بعد سری لنکن حکام نے اسے ایک’بڑی انٹیلی جنس ناکامی ‘ قرار دیا تھا۔ 2023 میں سپریم کورٹ نے سابق صدر میتھری پالا سری سینا کو قومی سلامتی میں ناکامیوں کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے متاثرین کو لاکھوں ڈالر معاوضہ ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے سری لنکا: کولمبو ایئرپورٹ پر بدھ بھکشوؤں سے 110 کلوگرام بھنگ برآمد، 22 بھکشو گرفتار

گزشتہ ماہ 2 سابق اعلیٰ حکام کو مجرمانہ غفلت کے الزام میں سزائے موت سنائی گئی، تاہم سری لنکا میں کئی دہائیوں سے سزائے موت پر عمل درآمد نہیں ہوا۔ ادھر سابق انٹیلی جنس سربراہ سریش سلے کے خلاف بھی تحقیقات جاری ہیں۔ ان پر شدت پسندوں کے ساتھ مل کر حملوں کی منصوبہ بندی کا الزام ہے، جس کی وہ تردید کرتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp