آزاد کشمیر کونسل کے 4 ارکان کے انتخاب کا شیڈول جاری

بدھ 23 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے آزاد جموں و کشمیر کونسل کے 4 نئے اراکین کے انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا۔

الیکشن کمیشن کے مطابق کشمیر کونسل کے 4 منتخب اراکین کی مدت 18 ستمبر 2026 کو مکمل ہونے کے بعد نئے اراکین کے انتخاب کا عمل شروع کیا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں:آزاد جموں و کشمیر میں انتخابات، الیکشن کمیشن نے انتخابی فہرستیں شائع کردیں

شیڈول کے مطابق امیدوار یکم اکتوبر کو صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک سیکریٹری الیکشن کمیشن و ریٹرننگ افسر کے دفتر، بلاک اے، جلال آباد مظفرآباد میں کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 2 اکتوبر کو صبح 10 بجے ہوگی۔

کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف 5 اکتوبر کو صبح 9 بجے سے دوپہر 12 بج کر 30 منٹ تک الیکشن کمیشن میں اپیل دائر کی جا سکے گی۔ اپیلوں کی سماعت 6 اکتوبر کو صبح 9 بجے سے دوپہر 12 بج کر 30 منٹ تک ہوگی، جبکہ اسی روز دوپہر ایک بجے سے 4 بجے تک اپیلوں پر فیصلے کیے جائیں گے۔

امیدوار 7 اکتوبر کو دوپہر 12 بجے سے پہلے کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے، جبکہ انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کی حتمی فہرست 9 اکتوبر کو دوپہر 2 بجے سے پہلے جاری کی جائے گی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق کشمیر کونسل کے انتخابات کے لیے پولنگ 12 اکتوبر کو صبح 10 بجے سے دوپہر ایک بجے تک آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے ہال، بلاک نمبر 12، سول سیکریٹریٹ چھتر مظفرآباد میں ہوگی، جس کے بعد اسی روز ووٹوں کی گنتی کی جائے گی۔

پریس ریلیز کے مطابق امیدواروں کی اہلیت اور نااہلی کے لیے آزاد جموں و کشمیر عبوری آئین 1974 کے آرٹیکل 21 (4) کے تحت وہی شرائط لاگو ہوں گی جو قانون ساز اسمبلی کے رکن کے انتخاب کے لیے مقرر ہیں۔

امیدواروں کے لیے اثاثہ جات کے گوشوارے سیکریٹری الیکشن کمیشن کے پاس جمع کرا کے اس کی رسید حاصل کرنا بھی لازم ہوگا۔ کاغذات نامزدگی کے ساتھ امیدوار کو انتخابی فہرست میں درج اپنے انتخابی علاقے اور اثاثہ جات کے گوشواروں کی رسید بھی منسلک کرنا ہوگی۔

مزید پڑھیں:آزاد کشمیر انتخابات: کامیاب امیدواروں کو انتخابی اخراجات کے گوشوارے جمع کرانے کی ہدایت

امیدوار کو یہ بیان حلفی بھی جمع کرانا ہوگا کہ اس نے انتخابی اخراجات کے لیے کسی شیڈولڈ بینک میں خصوصی اکاؤنٹ کھولا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق امیدوار کے تجویز کنندہ اور تائید کنندہ کا آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا رکن ہونا ضروری ہے۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے دوران امیدوار، اس کے تجویز کنندہ، تائید کنندہ اور امیدوار کی جانب سے تحریری طور پر مقرر کردہ ایجنٹ موجود رہ سکتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp