الیکشن کمیشن آزاد جموں کشمیر نے عام انتخابات میں کامیاب ہونے والے ارکان اسمبلی کو انتخابی اخراجات کے گوشوارے جمع کرانے کی ہدایت کردی۔
آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کے ترجمان نے کہا ہے کہ قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کا عمل میرپور، مظفرآباد ڈویژن اور پونچھ ڈویژن کے ضلع باغ و کہوٹہ حویلی میں بالترتیب 27 جولائی 2026، 2 اگست 2026، 10 اگست 2026 اور 15 اگست 2026 کو مکمل ہوچکا ہے۔
ترجمان کے مطابق آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے مذکورہ ڈویژن سے انتخابات میں حصہ لینے والے کامیاب امیدواران کے نوٹیفکیشن بالترتیب 29 جولائی 2026، 5 اگست 2026 اور 16 اگست 2026 کو جاری کرتے ہوئے شائع بھی کر دیے ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ آزاد جموں و کشمیر الیکشنز ایکٹ کی دفعہ 76 کی رو سے انتخابات میں حصہ لینے والے تمام امیدواران کے لیے لازم ہے کہ وہ کامیاب امیدواران کا نوٹیفکیشن شائع ہونے کے بعد 35 دن کے اندر اپنے انتخابی اخراجات کے گوشوارے فارم نمبر 28 پر مرتب کرتے ہوئے اپنے حلقے کے ریٹرننگ آفیسر کے پاس جمع کروائیں۔
’مذکورہ بالا دفعہ کے تحت انتخابی اخراجات جمع نہ کروانا آزاد جموں و کشمیر الیکشنز ایکٹ کی دفعہ 108 کے تحت غیر قانونی فعل قرار پائے گا، جس پر مطابق قانون کارروائی عمل میں لائی جاسکتی ہے۔‘
ترجمان نے تمام امیدواران کو مطلع کیا ہے کہ وہ اپنے الیکشن میں کیے گئے اخراجات کی مکمل تفصیل فارم نمبر 28 پر مرتب کرتے ہوئے اپنے حلقے کے ریٹرننگ آفیسر کے پاس جمع کروائیں۔














