ملک کی 3 بڑی آئل ریفائنریوں کے حکومت کے ساتھ اپ گریڈیشن معاہدے طے پا گئے

جمعرات 24 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کی 3 بڑی آئل ریفائنریوں سنرجیکو پی کے، اٹک ریفائنری اور نیشنل ریفائنری نے ملک کی ترمیم شدہ ‘ریفائنری پالیسی 2023‘ کے تحت اپنے موجودہ پلانٹس کو اپ گریڈ کرنے کے لیے سرکاری گیس کمپنی ‘انٹر اسٹیٹ گیس سسٹمز کے ساتھ معاہدوں پر دستخط کر دیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی 5 آئل ریفائنریوں کی جدید کاری، 6 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع

تینوں لسٹڈ ریفائنریوں نے جمعرات کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو اپنے الگ الگ نوٹسز کے ذریعے اس پیشرفت سے آگاہ کیا۔

وفاقی وزارتِ توانائی (پیٹرولیم ڈویژن) نے ‘پاکستان آئل ریفائننگ پالیسی برائے اپ گریڈیشن آف براؤن فیلڈ ریفائنریز’ کے تحت آئی ایس جی ایس کو اس اپ گریڈیشن معاہدے پر عملدرآمد کے لیے نامزد کیا ہے۔

اٹک ریفائنری کے مطابق یہ معاہدہ ریفائنری انفراسٹرکچر کی جدت، آپریشنل کارکردگی میں اضافے، پروڈکٹ کا معیار بہتر بنانے اور ملک میں یورو-V معیار کا ماحول دوست ایندھن تیار کرنے کی جانب ایک اہم پیشرفت ہے۔

مزید پڑھیے: قیمتوں میں اضافے پر اربوں روپے منافع کمانے والی آئل کمپنیاں پیٹرول سستا ہونے پر سراپا احتجاج

سنرجیکو پی کے اور نیشنل ریفائنری نے اس اقدام پر حکومتِ پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے سے ملک میں توانائی کے محفوظ مستقبل اور سپلائی چین کو استحکام ملے گا۔

ریفائنری پالیسی اور پس منظر

آئل ریفائننگ پالیسی 2023 (ترمیم شدہ فروری 2024 و اگست 2026) کا بنیادی مقصد ملکی ریفائنریوں کی صلاحیت کو جدید بنانا، بین الاقوامی ایندھن کے معائیر کی پاسداری اور مارکیٹ کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنا ہے۔

اگست 2026 میں ملک کی تمام 5 ریفائنریوں (پارکو، پی آر ایل، این آر ایل، سنرجیکو اور اے آر ایل) نے معاہدوں پر دستخط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا تھا جس سے ملک میں تقریباً 6 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوگی۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں آئل ریفائنریوں کی جدیدکاری پر پیشرفت، وزیر خزانہ کی ہنی ویل ٹیکنالوجیز کے وفد سے ملاقات

ستمبر 2026 میں وفاقی کابینہ نے پالیسی میں مزید ترمیم کرتے ہوئے ریفائنریوں کے لیے اوگرا کے بجائے وزارتِ توانائی کے ساتھ یکم اکتوبر 2026 تک اپ گریڈیشن معاہدے سائن کرنے کی حتمی تاریخ مقرر کی تھی جبکہ ڈیڈ لائن نہ ملنے کی صورت میں مالیاتی جرمانے بھی تجاویز کیے گئے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp