فیول ریلیف اسکیم، ملک بھر میں 50 لاکھ سے زائد افراد رجسٹرڈ

جمعرات 24 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کے تحت ملک بھر میں 50 لاکھ سے زائد افراد رجسٹرڈ ہوچکے ہیں، جبکہ اکثر پیٹرول پمپس پر رجسٹریشن سمیت دیگر مسائل بھی حل کرلیے گئے ہیں۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ کی زیرِ صدارت وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ، وزیر مملکت برائے خزانہ، متعلقہ اداروں اور صوبائی حکومتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم، تمام فعال پیٹرول پمپس کو نظام میں شامل کرنے کی ہدایت

اجلاس میں وزارتِ آئی ٹی اور پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کی جانب سے فیول ریلیف اسکیم پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک بھر میں اسکیم کے تحت 50 لاکھ سے زائد افراد رجسٹرڈ ہوچکے ہیں اور فیول ریلیف اسکیم کے ٹوکن کامیابی سے جاری کیے جارہے ہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ اکثر پیٹرول پمپس پر رجسٹریشن سمیت دیگر مسائل حل ہوچکے ہیں۔ احد چیمہ نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر اس وقت ملک بھر میں فیول ریلیف اسکیم کامیابی سے جاری ہے۔

وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور نے چنگ چی رکشوں اور لوڈرز کی رجسٹریشن کے مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کی۔ صوبائی حکومتوں نے اجلاس کو بتایا کہ غیر رجسٹرڈ رکشوں اور لوڈرز کو ایکسائز رجسٹریشن نہ ہونے کے باعث مشکلات کا سامنا ہے، تاہم صوبائی حکومتوں نے رکشوں کی رجسٹریشن کا عمل شروع کردیا ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ رجسٹریشن مکمل ہونے پر رکشوں کو فیول ریلیف اسکیم میں شامل کیا جائے گا، جبکہ رجسٹرڈ موٹر سائیکلوں کے مالکان فیول ریلیف اسکیم سے مستفید ہورہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا اہم فیصلہ، 20 سال پرانی موٹرسائیکلیں اور رکشے بھی فیول ریلیف اسکیم میں شامل

احد چیمہ نے کہا کہ عوام کو فیول ریلیف اسکیم سے فائدہ پہنچانے کے لیے رجسٹریشن کے مسائل فوری حل کیے جائیں اور رکشوں و لوڈرز کے اہل مالکان کو فیول ریلیف سے محروم نہ رکھا جائے۔

انہوں نے رجسٹریشن یا ٹوکن سے متعلق شکایات کے ازالے کے لیے پورٹل جلد فعال کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایکسائز رجسٹریشن اور ٹوکن ادائیگی کے مسائل والے رکشوں اور لوڈرز کو بھی شکایتی نظام میں شامل کیا جائے۔

پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی نے اجلاس کو بتایا کہ صارفین کی شکایات درج کرنے کے لیے پورٹل جلد فعال کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

احد چیمہ نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر اراکینِ پارلیمنٹ کے اپنے حلقوں کے پیٹرول پمپس کے دورے اور فیول ریلیف اسکیم کا جائزہ خوش آئند ہے۔ اراکینِ پارلیمنٹ کے فیڈبیک کی روشنی میں سسٹم کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق اسکیم سے متعلق ریئل ٹائم ڈیٹا اپ ڈیٹ رکھا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ای سی سی اجلاس: وزیراعظم کے فیول ریلیف پیکج کی منظوری سمیت اہم فیصلے

اجلاس کو بتایا گیا کہ پیٹرول پمپس کو زیادہ تر ادائیگیاں ہوچکی ہیں، جبکہ اسٹیٹ بینک حکام نے بتایا کہ زیرِ التوا ادائیگیوں کے مسائل ایک سے 2 روز میں حل ہوجائیں گے۔

احد چیمہ نے ہدایت کی کہ پیٹرول پمپس کی ادائیگیوں میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے۔

وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ فیول ریلیف اسکیم کے بارے میں عوام کو آگاہ کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔ اسکیم سے متعلق عوامی آگاہی مہم اور زمینی سطح پر آگاہی کے اقدامات جاری ہیں، جبکہ عوامی آگاہی بڑھانے کے لیے مزید اقدامات بھی جاری رہیں گے۔

احد چیمہ نے صوبائی حکومتوں اور ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp