شہباز شریف کا لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستانی حمایت کا اعادہ

جمعہ 25 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم شہباز شریف نے لبنانی ہم منصب نواف سلام سے ملاقات میں پاکستان اور لبنان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے دوطرفہ تعاون کے فروغ پر زور دیا ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یہ ملاقات نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر کی۔

یہ بھی پڑھیں: لبنان میں جنگ بندی کا خیر مقدم، پاکستان امن کے لیے کردار جاری رکھے گا، شہباز شریف

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور لبنان کے باہمی تعلقات، مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور مجموعی علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے لبنان کی خودمختاری، سیاسی آزادی، قومی وحدت اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی مسلسل حمایت کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے خطے میں فوری طور پر جنگ بندی اور دشمنی کے خاتمے، جنگ بندی کے انتظامات پر سختی سے عمل درآمد اور لبنان کے مقبوضہ علاقوں سے اسرائیلی افواج کے مکمل انخلا پر زور دیا۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب کے آفس سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

مزید پڑھیں: لبنان نے اسرائیلی حملے رکوانے کے لیے پاکستان سے تعاون مانگ لیا

دونوں رہنماؤں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر مکمل عمل درآمد کی ضرورت بھی اجاگر کی۔

اس حوالے سے اعلیٰ سطح کے وفود کے تبادلوں، تجارت و سرمایہ کاری، دفاع اور ادارہ جاتی تعاون کو فروغ دینے پر گفتگو ہوئی۔

دونوں رہنماؤں نے اقوام متحدہ سمیت دیگر کثیرالجہتی فورمز پر پاکستان اور لبنان کے درمیان جاری باہمی تعاون کو بھی مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp