صوبائی وزیر صحت پنجاب خواجہ عمران نذیر کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اپنے صوبے کے لیے بہترین منصوبے دے رہی ہیں تو انہیں بہترین جہاز خریدنے پر تنقید کا نشانہ کیوں بنایا جا رہا ہے؟ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ مریم نواز نے اپنے نجی دورے کے اخراجات بھی اپنی جیب سے ادا کیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مریم نواز کا سرکاری جہاز استعمال کرنا درست نہیں تھا، مگر دوسرے لوگوں سے بھی سوال ہونا چاہیے، عمار مسعود
وی نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے جہاز خریدنے پر بہت تنقید کی جارہی ہے حالانکہ انہوں نے اپنے نجی دورے کے اخراجات سرکاری خزانے سے ادا نہیں کیے۔
انہوں نے خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی پر تنقید کرتے ہوئے سوال کیا کہ جب وہ لاہور میں ’اسٹریٹ موومنٹ‘ کررہے تھے تو کیا انہوں نے یہ رسیدیں دکھائیں کہ اپنے نجی دورے کے اخراجات کہاں سے ادا کیے؟
خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے کو ’بیسٹ آف دی بیسٹ‘ ایئر ایمبولینس دی، لیپ ٹاپ فراہم کیے اور سڑکوں کا جال بچھایا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر مریم نواز اپنے صوبے کے لیے ’بیسٹ آف دی بیسٹ‘ منصوبے دے رہی ہیں تو وہ ’بیسٹ آف دی بیسٹ‘ جہاز کیوں نہ خریدیں؟
ان کا کہنا تھا کہ اگر ہلکا جہاز خریدا جائے تو ہر 10، 15 دن بعد اس کی دیکھ بھال اور مرمت کی ضرورت پڑ سکتی ہے اور اس کے اخراجات بھی پنجاب کے عوام کو ہی برداشت کرنا ہوں گے۔
مزید پڑھیے: مریم اورنگزیب کا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے جہاز کے استعمال اور دہشتگردی سے متعلق بیان پر دفاع
صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ مریم نواز کو جو چیز اپنی ذات کے لیے خریدنی تھی ویسی ہی چیز پنجاب حکومت کے لیے خریدی ہے۔
انہوں نے تنقید کرنے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ’تعصب کی عینک‘ اتاریں اور ان لوگوں کا ٹریک ریکارڈ دیکھیں کہ گزشتہ ڈھائی برس کے دوران انہوں نے اپنے صوبے کے لیے کیا کیا ہے۔
’شفیع جان وزیراعلیٰ کا جہاز رکشے کی طرح استعمال کرتے ہیں‘
خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شفیع جان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شفیع جان ہیلی کاپٹر سے اترتے ہیں اور ٹک ٹاک بناتے ہیں تو کیا وہ ان کا ذاتی ہیلی کاپٹر ہے؟ انہوں نے مزید کہا کہ شفیع جان وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے جہاز کو ’رکشے کی طرح‘ استعمال کرتے ہیں۔
’حمزہ شہباز مسلم لیگ ن کی مقبول ترین شخصیات میں سے ہیں‘
خواجہ عمران نذیر نے مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف سے متعلق کہا کہ وہ مسلم لیگ ن کی مقبول ترین شخصیات میں شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز شریف نے اپنے والد کے ساتھ ہاتھ بٹانے کا فیصلہ کیا ہے اور سرکاری ذمہ داریوں میں بھی ان کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ حمزہ شہباز نے پارٹی اور حکومت کے کام میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ درویشانہ سوچ کے مالک ہیں۔
’ سیاست چمکانے کے لیے ملک کے ساتھ زیادتی ہورہی ہے‘
سیاسی مخالفین کے خلاف کارروائیوں سے متعلق سوال پر خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ وہ سیاسی پکڑ دھکڑ کے خلاف ہیں تاہم اپنی سیاست چمکانے کے لیے ملک کے ساتھ زیادتی کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ جو کچھ ہورہا ہے وہ ان کے کیے کا پھل ہے۔
صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ لانگ مارچ کرکے ہم بیرونی عناصر کو یہ موقع دے رہے ہیں کہ وہ اسلام آباد میں ہمارے جتھے میں شامل ہوجائیں اور ایسا کوئی کام کریں جس سے نقصان پہنچے۔
انہوں نے طنزیہ کہا کہ ’اسلام آباد سومنات کا مندر ہے جسے توڑنے کے لیے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا آرہے ہیں۔‘
مزید پڑھیں: مریم نواز کے دورہ لندن کا تمام خرچ ان کی اپنی جیب سے ادا کیا گیا، عظمیٰ بخاری کی وضاحت
ملک میں پیٹرول کی قیمتوں کے حوالے سے خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ اس وقت عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کا بحران ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں کے تعین میں حکومت پاکستان کچھ نہیں کرسکتی۔













