بالائی علاقوں میں بارش، سیلاب اور ژالہ باری کا خدشہ، این ڈی ایم اے کا الرٹ

جمعہ 25 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے 25 سے 30 ستمبر کے دوران بالائی علاقوں میں متوقع بارش اور ممکنہ موسمی خطرات کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا۔

مزید پڑھیں:اسلام آباد اور شمالی پنجاب میں اربن فلڈنگ کا خطرہ، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

این ای او سی کے مطابق 25 اور 26 ستمبر کو مغربی ہواؤں کے نظام کی شدت میں اضافے کا امکان ہے، جس کے باعث بالائی خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں اور برساتی ندی نالوں میں اچانک طغیانی کا خدشہ ہے۔

گلگت بلتستان کے استور، اسکردو، روندو، گھانچے اور شگر، آزاد کشمیر کے نیلم ویلی، حویلی، پونچھ اور سدھنوتی جبکہ خیبر پختونخوا کے سوات، باجوڑ، دیر، کوہستان، کولئی پالس، بٹگرام اور مانسہرہ میں سیلابی صورتحال کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق 30 ستمبر تک پوٹھوہار، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔

اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، مری، گلیات، لاہور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، گجرات، سرگودھا، فیصل آباد، اوکاڑہ، ساہیوال اور جھنگ سمیت متعدد علاقوں میں شدید بارش سے شہری سیلاب کا خدشہ ہے۔

این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو پیشگی تیاری مکمل رکھنے، ممکنہ متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی رسپانس ٹیمیں اور ضروری وسائل دستیاب رکھنے اور بارش و ندی نالوں کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کی ہے۔

مزید پڑھیں:ملک کے مختلف علاقوں میں سیلاب کا خطرہ، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری، وزیراعظم نے اہم ہدایات دے دیں

عوام کو برساتی ندی نالوں، پہاڑی نالوں اور پانی میں ڈوبی سڑکوں کو عبور کرنے سے گریز، جبکہ نشیبی اور خطرے سے دوچار علاقوں میں محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

موسمی صورتحال اور حفاظتی تدابیر سے متعلق رہنمائی کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ موبائل ایپ استعمال کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp