بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 71 بھارتی حمایت یافتہ دہشتگرد ہلاک

اتوار 27 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاک فوج نے بلوچستان میں مختلف کارروائیوں کے دوران گزشتہ 96 گھنٹوں میں 71 سے زیادہ بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق افغان طالبان حکومت کی پاکستان میں دہشتگردی کی سرگرمیوں میں ملوث ہونے اور بھارت کی جانب سے ان کی پشت پناہی و معاونت کے باعث قیمتی جانوں کا نقصان اور امن و استحکام کو خطرات لاحق ہیں۔

یہ بھی پڑھیے بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشنز، فتنہ الہندوستان کے 33 دہشتگرد ہلاک

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کے انٹیلی جنس اداروں نے ضلع کوئٹہ کے علاقے شعبان میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان کے متعدد ٹھکانوں کی نشاندہی کی، جو مقامی آبادی کے لیے خطرہ بن رہے تھے۔

مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر سیکیورٹی فورسز نے 21 ستمبر 2026 کو زیارت اور گردونواح میں دہشتگردوں کے خلاف فوری کارروائی شروع کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن شعبان کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں سے مقابلہ کرتے ہوئے متعدد ٹھکانے کلیئر کیے، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد اب تک 33 بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد ہلاک کیے جا چکے ہیں، جبکہ اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران آپریشن میں مزید شدت لائی گئی، جس کے نتیجے میں 23 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔ سیکیورٹی فورسز نے وسیع علاقے کو کلیئر کر کے مقامی آبادی کو فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان کے خطرے سے نجات دلائی ہے، جبکہ خطرے کے مکمل خاتمے تک کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ 25 ستمبر 2026 کو ضلع نوشکی میں ایک الگ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 11 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مند میں بھی سیکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے فتنۃ الہندوستان کے 6 دہشتگردوں کو ہلاک کیا، جبکہ بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج کی کارروائی جاری رہنے کے دوران گزشتہ 96 گھنٹوں میں آپریشن شعبان اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں 71 سے زیادہ دہشتگرد ہلاک کیے جا چکے ہیں، جس سے بھارتی پشت پناہی میں سرگرم افغان پراکسیز کو شدید دھچکا پہنچا ہے۔

یہ بھی پڑھیے بلوچستان میں عسکری تنظیموں کی کارروائیاں، مقامی افراد اور معاشی سرگرمیاں متاثر

آئی ایس پی آر کے مطابق وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان سے منظور شدہ ’عزمِ استحکام‘ کے وژن کے تحت انسداد دہشتگردی مہم بھرپور عزم کے ساتھ جاری رہے گی۔

سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp