ظہران ممدانی اور راما دواجی کی ٹرین کے اندر لی گئی تصاویر وائرل، فوٹوگرافر نے کہانی بتادی

پیر 28 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

نیویارک کے میئر ظہران ممدانی اور ان کی اہلیہ راما دواجی کی ٹرین کے اندر کھینچی گئی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں، جن کے پسِ پردہ موجود فوٹوگرافر کارا مک کرڈی نے بتایا ہے کہ یہ تصاویر ایک بارش بھری صبح رش سے بھری ٹرین میں بنائی گئی تھیں۔

ظہران ممدانی اور راما دواجی نے بڑی شادی کے بجائے فروری 2025 میں نیویارک سٹی کلرک کے دفتر میں شہری شادی کی تقریب کی تھی، جبکہ اس سے قبل دسمبر 2024 میں دبئی میں نکاح اور منگنی کی تقریب ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: تنخواہ میں 18 فیصد اضافے سے انکار، نیویارک کے میئر ظہران ممدانی پر ’نیپو بے بی‘ ہونے کی تنقید

ظہران ممدانی نے مئی 2025 میں سوشل میڈیا پر شادی کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ انہوں نے 3 ماہ قبل راما دواجی سے سٹی کلرک کے دفتر میں شادی کی۔ انہوں نے راما کو ایک باصلاحیت فنکارہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اپنی شناخت کے ساتھ پہچانے جانے کی مستحق ہیں۔

شادی کے روز راما دواجی نے سفید فیتے سے تیار لباس پہنا، جس کے ساتھ گہرے رنگ کا نرم مصنوعی فر کوٹ اور سفید دوپٹہ تھا۔ انہوں نے لمبی سنہری بالیاں، کئی ہار اور ایک بڑی انگوٹھی پہن رکھی تھی جبکہ گھٹنوں تک آنے والے سیاہ جوتے بھی پہنے تھے۔

ظہران ممدانی نے سفید کُرتے کے اوپر گہرے نیلے رنگ کی شیروانی اور اسی رنگ کی پتلون پہن رکھی تھی جبکہ کندھوں پر ہلکے خاکی رنگ کی پشمینہ شال ڈال رکھی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: نیویارک میئر ظہران ممدانی نے اسکولوں میں ’اے آئی‘ کے استعمال پر پابندی کیوں عائد کی؟، وجہ سامنے آگئی

فوٹوگرافر کارا مک کرڈی نے بتایا کہ ظہران ممدانی نے ان سے سٹی کلرک کے دفتر میں اپنی نجی شادی کی تصاویر بنانے کی درخواست کی تھی۔ دونوں صبح کی مقررہ ملاقات کے لیے دفتر پہنچے اور تقریب کے بعد بے یارڈ اسٹریٹ پر واقع نائس ون بیکری گئے جہاں انہوں نے بنز کھائے۔

کارا مک کرڈی کے مطابق ٹرین کے اندر تصاویر فروری کی ایک بارش بھری صبح بنائی گئیں۔ راما دواجی کے ہاتھ میں پھولوں کا وہ گلدستہ تھا جو ظہران ممدانی نے چند منٹ قبل آسٹوریا کی ایک پھولوں کی دکان سے ان کے لیے خریدا تھا۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by VANITY FAIR (@vanityfair)

فوٹوگرافر نے بتایا کہ وہ ایک انتہائی رش سے بھری ٹرین میں سوار ہوئے۔ صبح کے وقت ٹرین میں مسافروں کا ہجوم تھا، تاہم راما دواجی کی تمام توجہ ظہران ممدانی پر تھی۔ فوٹوگرافر کے مطابق ایسا محسوس ہو رہا تھا جیسے لوگوں کے سمندر میں صرف یہ دونوں موجود ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: ظہران ممدانی نے نیویارک کے نوجوان ووٹرز کو کیسے متوجہ کیا؟

کارا مک کرڈی نے بتایا کہ اس وقت ظہران ممدانی اور راما دواجی کو زیادہ لوگ نہیں جانتے تھے، اس لیے دونوں نے ایک خوبصورت نجی دن ایک ساتھ گزارا۔ بارش کے باعث بھی سڑکوں پر زیادہ لوگ موجود نہیں تھے۔

فوٹوگرافر نے کہا کہ آج ظہران ممدانی اور راما دواجی کے ساتھ اسی طرح کی تصاویر بنانا بہت مشکل ہوگا کیونکہ لوگ اب میئر کے ساتھ ہر جگہ موجود رہتے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp