افغانستان فریڈم فرنٹ کا کہنا ہے کہ نورستان کے ضلع کامدیش اور کنڑ کے ضلع ناری میں طالبان کے ٹھکانوں پر کارروائیوں کے دوران 37 طالبان جنگجو ہلاک اور 24 زخمی ہوئے۔
افغانستان فریڈم فرنٹ کے مطابق ہفتے کی صبح دونوں صوبوں میں طالبان کے ٹھکانوں کے خلاف حملے شروع کیے گئے۔ تنظیم نے دعویٰ کیا کہ اس دوران اس کے جنگجوؤں نے کئی دیہات کا کنٹرول سنبھال لیا، متعدد چیک پوسٹیں کلیئر کیں، اسلحہ قبضے میں لیا اور طالبان جنگجوؤں کو پسپا ہونے پر مجبور کیا۔
یہ بھی پڑھیے پاکستان نے افغانستان میں اندرونی جھڑپوں سے متعلق الزامات مسترد کردیے
تنظیم کے مطابق اس کے کمانڈوز نے زیر قبضہ علاقوں میں دفاعی پوزیشنیں برقرار رکھی ہیں، تاہم بعض حساس چیک پوسٹوں سے عارضی طور پر پسپائی اختیار کی گئی۔ فریڈم فرنٹ نے کہا کہ جھڑپوں میں زیادہ تر مقامی نوجوان جنگجو شریک تھے جو علاقے کے جغرافیہ اور آپریشنل حالات سے واقف ہیں۔
افغانستان فریڈم فرنٹ نے طالبان حکومت کے خلاف اپنی مزاحمتی کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کی کارروائیوں کا مقصد افغان عوام کے حقوق اور وقار کا تحفظ ہے اور جنگ کے بین الاقوامی قوانین کا احترام کیا جائے گا۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ مختلف جغرافیائی علاقوں میں مزاحمتی کارروائیاں طالبان حکومت کے لیے ایک چیلنج ہیں، تاہم طالبان کی جانب سے ان دعوؤں پر فوری ردعمل یا آزاد ذرائع سے ہلاکتوں کی تصدیق سامنے نہیں آئی۔














