پاکستان فٹ بال ٹیم نے فیفا آسیان کپ میں فلپائن کے خلاف میچ 2 گول کے خسارے میں جانے کے بعد شاندار واپسی کرتے ہوئے 2-2 سے برابر کردیا۔ میچ میں علی اکبر خان نے پہلا بین الاقوامی گول اسکور کیا، جبکہ عبدالصمد ارشد نے بھی ایک گول کرکے پاکستان کو ایونٹ میں پہلا پوائنٹ دلا دیا۔
انڈونیشیا کے شہر بانڈونگ میں کھیلے گئے فیفا آسیان کپ ڈویژن ون گروپ بی کے میچ میں پاکستان کو پہلے ہاف میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ فلپائن نے 24ویں منٹ میں سینڈرو رئیس کے گول کی بدولت برتری حاصل کی، جبکہ 32ویں منٹ کے بعد محمد فضل کے ڈی میں ہینڈ بال پر ملنے والی پنالٹی کو بیورن کرسٹینسن نے گول میں تبدیل کرکے برتری 0-2 کردی۔
یہ بھی پڑھیں: فیفا آسیان فٹبال کپ، تاریخی ڈیبیو میں پاکستان کو تھائی لینڈ کے ہاتھوں 0-4 سے شکست
پاکستانی ٹیم نے پہلے ہاف میں گول کرنے کی کوششیں کیں، تاہم علی اکبر خان کا ایک شاٹ فلپائنی گول کیپر نے روک لیا۔ پہلے ہاف کے اختتام پر پاکستان 2 گول کے خسارے میں تھا۔
دوسرے ہاف کے آغاز پر پاکستان کے کوچ نولبرٹو سولانو نے 2 تبدیلیاں کیں اور علی آغا اور حیان خٹک کو میدان میں اتارا۔ اس کے فوری نتائج سامنے آئے اور دوسرے ہاف کے دوسرے ہی منٹ میں کپتان عبداللہ اقبال کے پاس پر علی اکبر خان نے شاندار انفرادی کوشش کے بعد گیند مخالف گول کیپر کی ٹانگوں کے درمیان سے گزار کر پاکستان کا پہلا گول کردیا۔
پاکستان نے حملوں کا سلسلہ جاری رکھا اور میچ کے 60ویں منٹ کے قریب عبدالصمد ارشد نے دائیں جانب سے گیند حاصل کرکے حریف ٹیم کے ڈی میں داخل ہونے کے بعد بائیں پاؤں سے زوردار شاٹ لگایا، جو گول میں چلا گیا۔ اس طرح پاکستان نے مقابلہ 2-2 سے برابر کردیا۔ یہ عبدالصمد ارشد کا دوسرا بین الاقوامی گول تھا۔
برابری کے بعد بھی پاکستانی ٹیم نے فیصلہ کن گول کے لیے حملے جاری رکھے۔ کوچ نولبرٹو سولانو نے عبد الرحمان اور عبدالصمد خان کو بھی بین الاقوامی ڈیبیو کا موقع دیا، تاہم دونوں ٹیمیں مزید گول نہ کرسکیں اور میچ برابر ہوگیا۔
یہ بھی پڑھیں: فیفا آسیان کپ: پاکستان اسکواڈ کا اعلان کردیا گیا
پاکستان نے اس سے قبل گروپ بی کے اپنے پہلے میچ میں تھائی لینڈ کے خلاف 0-4 سے شکست کھائی تھی۔ فلپائن کے خلاف ڈرا کے نتیجے میں پاکستان نے فیفا کے کسی بھی مقابلے میں اپنی پہلی شرکت کے دوران پہلی مرتبہ گول اور پوائنٹ حاصل کیا۔
عالمی درجہ بندی میں 198ویں نمبر پر موجود پاکستانی ٹیم کا مقابلہ 135ویں سے 136ویں نمبر پر موجود فلپائن سے تھا۔ اس نتیجے کے بعد پاکستان کی گروپ میں مہم برقرار ہے اور ٹیم اپنا آخری میچ ویتنام کے خلاف کھیلے گی۔














