’پرانی یادیں ہی نہیں پائیدار مستقبل کی تعمیر بھی‘، پاکستان ہاکی فیڈریشن کا پی ایچ ایل شروع کرنے کا اعلان

بدھ 30 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اپنے قومی کھیل کی بحالی اور تبدیلی کی جانب ایک بڑا قدم اٹھانے کے لیے تیار ہے اور اس ضمن میں پاکستان ہاکی لیگ (پی ایچ ایل) کا باضابطہ آغاز 14 اکتوبر 2026 کو اسلام آباد میں کردیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ایشین گیمز میں پاکستان ہاکی ٹیم کا فاتحانہ آغاز، تھائی لینڈ کو 9گول سے شکست

پی ایچ ایل پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کی جانب سے پاکستان میں ہاکی کے انفراسٹرکچر کو بہتر اور جدید بنانے کی تازہ ترین کوشش ہے۔

پی ایچ ایف نے بدھ کو جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا کہ فیڈریشن نے رواں سال کے شروع میں مسابقتی بولی کے عمل کے بعد میڈیا کاسٹ کو حقوق دے دیے ہیں۔

پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ اب پی ایچ ایف اور میڈیا کاسٹ 2027 میں پی ایچ ایل کے پہلے سیزن کو لانچ کرنے کے لیے تیار ہیں۔ یہ لیگ ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ اور انڈین ہاکی لیگ کی طرز پر تیار کی جا رہی ہے اور اس کے پہلے سیزن میں 6 سے 8 فرنچائز ٹیمیں شامل ہونے کا امکان ہے۔

پی ایچ ایف کا کہنا ہے کہ معروف غیر ملکی کھلاڑیوں کو پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کے لیے کنٹریکٹ دیا جائے گا جس سے قومی کھلاڑیوں کو ان کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کرنے کا موقع ملے گا۔

مزید پڑھیے: ’میری وفاداری عہدے سے نہیں پاکستان سے ہے‘، قومی ہاکی ٹیم کی کپتانی سے ہٹائے جانے پر عماد بٹ کا ردعمل

پریس ریلیز میں مزید کہا گیا کہ یہ لیگ فرنچائز مالکان اور کارپوریٹ اسپانسرز کی صورت میں نجی شعبے کے شراکت داروں کو بھی راغب کرے گی اور اس طرح ملک بھر میں ہاکی کے لیے انتہائی ضروری کمرشل سپورٹ اور مارکیٹنگ حاصل ہوگی۔

پی ایچ ایف کے مطابق پی ایچ ایل پاکستانی ہاکی پروفیشنلز کو تجربہ کار بین الاقوامی ماہرین کے ساتھ کام کرنے اور مہارت حاصل کرنے کا موقع بھی فراہم کرے گی جو بالآخر پورے قومی ہاکی ڈھانچے کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی۔

ریلیز میں مزید کہا گیا کہ پیشہ ورانہ طور پر منظم لیگ ٹیم کی ملکیت اور شراکت داری، نشریات اور ڈیجیٹل مواد، مرچنڈائزنگ، اشتہارات، مہمان نوازی، ٹکٹنگ اور گراس روٹ پروگرامز کے ذریعے متعدد نئے تجارتی مواقع پیدا کرے گی۔

مزید پڑھیں: ویمنز جونیئر ہاکی ایشیا کپ، پاکستانی ٹیم شرکت کرے گی

پی ایچ ایف نے بتایا کہ اس کے سامنے چیلنج یہ ہے کہ اس کھیل کی شاندار تاریخ کو صرف یادوں کا ذریعہ بنانے کے بجائے ایک جدید اور پائیدار مستقبل کی بنیاد بنایا جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp