فرانس میں اسکولوں کی خستہ حالی: طلبہ کا احتجاج پرتشدد ہو گیا، 400 سے زیادہ گرفتاریاں

بدھ 30 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

فرانس میں اسکولوں کی خستہ حالی، ناکافی سہولیات اور وسائل کی کمی کے خلاف جاری طلبہ مظاہروں میں درجنوں افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: جنسی ہراسانی اور پرائیویسی کیسز میں اسمارٹ گلاسز کی تحقیقات، فرانس میں قانونی جانچ تیز

وزیر تعلیم ایڈورڈ جیفری نے بدھ کے روز آر ٹی ایل ریڈیو کو بتایا کہ ان مظاہروں کے آغاز سے اب تک طلبہ اور عملے سمیت 76 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

ٹیلی ویژن فوٹیج میں لیون میں پولیس افسران کی قطاریں دیکھی گئیں جبکہ لِل اور پیرس کے شمال میں سینٹ ڈینس میں طلبہ اسکولوں کے باہر جمع ہوئے۔ لِل اور لیون میں مظاہرین نے کچرے کے ڈبوں اور دیگر سامان کو آگ لگا دی جبکہ لِل میں کچھ مظاہرین نے پولیس پر مختلف چیزیں پھینکیں۔

دوسری جانب وزیر داخلہ لارنٹ نونیز نے بی ایف ایم ٹی وی کو بتایا کہ ملک بھر میں 440 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہنگاموں کے دوران 48 پولیس اہلکار زخمی ہوئے جبکہ 7 ایسے واقعات بھی پیش آئے جن میں پولیس پر ہائیڈروکلورک ایسڈ پھینکا گیا۔

مزید پڑھیے: شدید گرمی : فرانس میں ڈوبنے سے اموات میں 14 فیصد اضافہ

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اسکولوں کے سامنے نقاب پوش ہو کر آنے، چہرہ چھپا کر مظاہرہ کرنے، ساتھ چیزیں لا کر پھینکنے اور پھر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تصادم کا کوئی جواز نہیں بنتا۔

وزیر اعظم سیباسٹین لیکورنو نے پیر کے روز ہائی اسکولوں میں ہونے والے احتجاج کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیا تاہم یہ بھی تسلیم کیا کہ ہائی اسکولوں کی مشکلات کو سنا جانا اور حل کیا جانا چاہیے۔

مظاہرین طلبہ کا کہنا ہے کہ کلاس رومز میں طلبہ کی تعداد بہت زیادہ ہے اور اسکولوں کو اساتذہ کی شدید کمی کا سامنا ہے۔ یہ مظاہرے اور اسکولوں کی ناکہ بندی پچھلے ہفتے شروع ہوئی تھی جو منگل کو ہونے والی ملک گیر پبلک سیکٹر ہڑتال کے ساتھ ہی ہوئی جس نے فرانس کے لیے ایک حساس سیاسی وقت میں نیا محاذ کھول دیا ہے۔

دوسری جانب فرانس کی حکومت جمعرات کو سنہ 2027 کا بجٹ پیش کرنے والی ہے جس میں عوامی مالیات پر دباؤ کم کرنے کے لیے اخراجات میں کٹوتیوں کی توقع ہے۔

مزید پڑھیں: یورپ میں جنگلات کی آگ بے قابو، فرانس اور اسپین شدید متاثر

او ای سی ڈی کے مطابق فرانس میں پرائمری اور سیکنڈری تعلیم پر خرچ ممبر ممالک میں درمیانے درجے کے قریب ہے اور سال 2015 سے سال 2022 کے درمیان اس میں اضافہ ہوا ہے حالانکہ مجموعی بجٹ میں اس کا حصہ تھوڑا کم ہوا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp