وزیراعظم شہبازشریف کا صومالیہ میں قتل ہونے والے پاکستانیوں کے اہلخانہ کے لیے امداد کا اعلان

جمعہ 2 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم شہبازشریف نے صومالیہ میں قتل ہونے والے پاکستانیوں کے اہلخانہ کے لیے فی خاندان ایک کروڑ 25 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے، جبکہ جاں بحق افراد کے بچوں کی مفت تعلیم اور رہائش کا انتظام کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: صومالیہ میں مغوی جہاز کی بازیابی کے دوران جاں بحق ہونے والوں میں 3 پاکستانی شامل، دفتر خارجہ کی تصدیق

وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق شہباز شریف نے صومالیہ میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی شہری کاشف عمر کے بیٹے اذہان کاشف عمر سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور ان کے والد کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اس دکھ کی گھڑی میں اہلخانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے صومالیہ میں قتل ہونے والے تینوں پاکستانیوں کے اہلخانہ کے لیے مالی معاونت کا اعلان کیا ہے۔ اس کے علاوہ جاں بحق افراد کے بچوں کی مفت تعلیم اور رہائش کا بندوبست بھی کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: صومالیہ کے قریب ہائی جیک ہونیوالے جہاز سے 4 پاکستانی بحفاظت بازیاب، کل کراچی پہنچیں گے

وزیراعظم نے وزارت خارجہ سمیت دیگر تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کاشف عمر اور دیگر 2 جاں بحق پاکستانیوں کے اہلخانہ سے براہ راست رابطہ کریں اور ان کی ضروریات کے حوالے سے اقدامات کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp