پاکستان اور پولینڈ کا تمام شعبوں میں تعلقات مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار

پیر 5 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے پولینڈ کے وزیر، کونسل آف منسٹرز کے رکن اور کوآرڈینیٹر برائے خصوصی خدمات ٹوماش شیمونیاک نے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے پاکستان اور پولینڈ کے تعلقات میں مثبت پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اس تاریخی دوستی کو طویل المدتی، مضبوط اور کثیر الجہتی شراکت داری میں تبدیل کرنے کا خواہاں ہے۔

وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان حالیہ روابط کا جائزہ لیتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے اعلیٰ سطحی قیادت کے تبادلوں کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان روابط کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

وزیراعظم نے یورپی یونین کی جی ایس پی پلس اسکیم کے حوالے سے پاکستان کی حمایت پر پولینڈ کا شکریہ ادا کیا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک تمام شعبوں میں اپنے تعلقات کو مزید مستحکم کریں گے۔

ملاقات کے دوران فریقین نے اہم علاقائی و بین الاقوامی امور، بالخصوص مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم نے علاقائی کشیدگی کے خاتمے اور تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp