اسلام آباد کو خوبصورت، گرین اور کیش لیس سٹی بنائیں گے، محسن نقوی

منگل 6 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے تحت ایس سی او کانفرنس سے قبل اسلام آباد کو ایک مختلف، خوبصورت اور جدید شہر بنانے کے لیے کام جاری ہے، جبکہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور غیرملکی مہمانوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے۔

مزید پڑھیں:ملتان میں گرین الیکٹرک بس سروس کا باقاعدہ افتتاح، مریم نواز شریف کا تقریب سے خطاب

اسلام آباد انڈر پاس منصوبے کی گراؤنڈ بریکنگ تقریب سے خطاب میں محسن نقوی نے کہا کہ ایس سی او کانفرنس سے قبل اسلام آباد میں ترقیاتی منصوبے مکمل کرنے کے لیے ایک سال سے بھی کم وقت ہے۔ اسلام آباد انڈر پاس منصوبے کی گراؤنڈ بریکنگ آج کی جا رہی ہے جبکہ ایکسپریس وے کی سروس لین کو 6 لین کیا جا رہا ہے۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے راولپنڈی سے اسلام آباد کا سفر آسان ہوگا اور سفر کا دورانیہ 16 سے 18 منٹ تک رہ جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو 31 دسمبر تک پلاسٹک فری بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، تاہم اس کے لیے قوانین موجود ہونے کے باوجود اصل چیلنج ان پر عملدرآمد ہے۔ اسلام آباد کو کیش لیس سٹی بنانا بھی ترجیحی منصوبوں میں شامل ہے اور پلاسٹک فری و کیش لیس اسلام آباد کے منصوبے 31 دسمبر تک شروع کرنے کا ہدف ہے۔

وزیر داخلہ کے مطابق اسلام آباد کو گرین سٹی بنانے کے لیے بھی مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے۔ ایف نائن پارک کو ہائیکنگ ٹریک میں تبدیل کرنے کا منصوبہ شروع کردیا گیا ہے جبکہ ساڑھے 6 سو ایکڑ رقبے پر ایشیا کا سب سے بڑا سفاری پارک بنانے پر کام شروع ہوگیا ہے۔ ایف نائن پارک کے حجم کا ایک اور پارک بنانے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے، جبکہ موجودہ دور حکومت کے اختتام تک اسلام آباد کو 3 گنا زیادہ گرین بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ گزشتہ 20 سے 25 سال کے دوران اسلام آباد میں ترقیاتی کام رک گئے جبکہ اس عرصے میں شہر کی آبادی 3 گنا بڑھ گئی۔ وزیراعظم کی قیادت میں کیے جانے والے ترقیاتی کام آئندہ 20 سال کی ضروریات کے لیے کافی ہوں گے۔

مزید پڑھیں:اسلام آباد پولیس کو 50 الیکٹرک گاڑیاں فراہم، وزیراعظم نے گرین پولیسنگ کا افتتاح کردیا

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے لیے ڈیجیٹلائزیشن انتہائی اہم منصوبہ ہے اور تمام زمین کے ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن پر کام جاری ہے، جسے دسمبر تک مکمل کرنے کی امید ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ عوام کو یہ بھی دیکھنا چاہیے کہ ان کے منتخب نمائندے ان کے لیے کتنا وقت وقف کر رہے ہیں اور اپنا وقت کہاں خرچ کر رہے ہیں۔ ایک طرف منتخب نمائندہ ایک ماہ سے دفتر نہیں جا رہا، دوسری طرف کچھ لوگ مسلسل عوام کے لیے کام کر رہے ہیں۔ عوام منفی سیاست کے بجائے منتخب نمائندوں کی کارکردگی کو بھی مدنظر رکھیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp