موسم سرما میں گیس لوڈ مینجمنٹ کا جامع لائحہ عمل تیار کیا جائے، وزیراعظم

منگل 6 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے موسم سرما میں گیس کی لوڈ مینجمنٹ کے لیے جامع لائحہ عمل مرتب کرنے اور پیشگی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔ انہوں نے گیس لوڈ مینجمنٹ کی حکمت عملی پر عملدرآمد کے حوالے سے بھرپور عوامی آگہی مہم چلانے کی بھی ہدایت کی۔

مزید پڑھیں:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پی ٹی وی کے انگریزی چینل ’پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل‘ کا افتتاح کردیا

وزیراعظم کی زیر صدارت موسم سرما میں گیس لوڈ مینجمنٹ کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں متعلقہ حکام نے گیس کی طلب و رسد اور لوڈ مینجمنٹ کے لیے کیے جانے والے پیشگی اقدامات پر بریفنگ دی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ مقامی گیس کی فراہمی میں گھریلو صارفین کو ترجیح دی جائے گی، جبکہ بجلی کی پیداوار اور صنعتوں کی ضروریات پوری کرنے کے لیے آر ایل این جی کو ترجیح حاصل ہوگی۔ گھریلو سطح پر مقامی گیس کے بجائے متبادل ذرائع توانائی کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے بھی عوامی آگہی مہم شروع کی جائے گی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک کے شمالی علاقوں میں موجود گیس کے ذخائر سے بلا تعطل ترسیل یقینی بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ موجودہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں گیس کی بلا تعطل درآمد کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کی بھی وزیراعظم نے ہدایت کی۔

مزید پڑھیں:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پی ٹی وی کے انگریزی چینل ’پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل‘ کا افتتاح کردیا

اجلاس میں واٹر اور اسپیس ہیٹنگ کے لیے بجلی سے چلنے والے آلات کے استعمال کی حوصلہ افزائی کے غرض سے بینک فنانسنگ کی سہولت متعارف کرانے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر پیٹرولیم و قدرتی وسائل علی پرویز ملک، وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت ہارون اختر، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp