برطانوی رائل نیوی کے اہلکار پر ’نامعلوم‘ ملک کے لیے جاسوسی کا الزام

جمعرات 8 اکتوبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

برطانوی رائل نیوی کے ایک حاضر سروس اہلکار پر نامعلوم ملک کے لیے جاسوسی اور حساس معلومات حاصل کرنے کے الزامات عائد کر دیے گئے۔

پولیس کے مطابق بیڈفورڈ شائر سے تعلق رکھنے والے 24 سالہ ٹیڈی ینگ کے خلاف نیشنل سیکیورٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: لندن، ایران کے لیے جاسوسی کے شبے میں 4 افراد گرفتار

اس پر الزام ہے کہ اس نے ایسی محفوظ معلومات حاصل کیں جو کسی غیر ملکی طاقت کے مفاد میں استعمال ہو سکتی تھیں۔

ٹیڈی ینگ کو منگل کے روز بیڈفورڈ شائر میں واقع اس کے گھر سے گرفتار کیا گیا۔ اسے حراست میں بھیج دیا گیا ہے اور جمعرات کو ویسٹ منسٹر مجسٹریٹس کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔

کاؤنٹر ٹیررازم پولیسنگ لندن کی سربراہ کمانڈر ہیلن فلاناگن نے کہا کہ مسلح افواج کے حاضر سروس رکن کے خلاف عائد الزامات انتہائی سنگین نوعیت کے ہیں۔

پولیس کے مطابق ٹیڈی ینگ کے خلاف الزامات کا تعلق 26 نومبر 2024 سے 21 مئی 2025 کے دوران مبینہ سرگرمیوں سے ہے، اس پر الزام ہے کہ اس نے محفوظ معلومات افشا کرنے کے جرم کی تیاری کی۔

مزید پڑھیں: چین کے لیے جاسوسی: برطانوی رکنِ پارلیمنٹ کے شوہر سمیت 3 افراد گرفتار

پولیس کا مزید کہنا ہے کہ ملزم نے محفوظ معلومات حاصل، نقل، ریکارڈ یا اپنے پاس محفوظ کیں اور اس کا مقصد کسی غیر ملکی طاقت کو فائدہ پہنچانا تھا۔

الزام ہے کہ وہ جانتا تھا، یا اسے دیگر معلوم حالات کی بنیاد پر معقول طور پر معلوم ہونا چاہیے تھا، کہ اس کا یہ طرز عمل برطانیہ کی سلامتی یا مفادات کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔

کمانڈر ہیلن فلاناگن نے کہا کہ تحقیقات کے دوران وزارت دفاع کے متعلقہ آپریشنل حکام کے ساتھ قریبی تعاون کیا گیا تاکہ اس معاملے سے وابستہ ممکنہ خطرات کو کم کرنے کے لیے مناسب اقدامات کیے جا سکیں۔

پولیس نے واضح کیا کہ ٹیڈی ینگ کے خلاف مقدمے کا برطانیہ کے آر اے ایف فیئر فورڈ اڈے کے قریب حالیہ مشتبہ سرگرمی کے واقعے سے کوئی تعلق نہیں۔

مزید پڑھیں: برطانیہ نے انتخابی عمل پر سائبر حملوں کا الزام چین پر لگا دیا

اس واقعے کے بعد متعدد افراد کو گرفتار کیا گیا تھا اور کاؤنٹر ٹیررازم پولیس کی تحقیقات جاری ہیں، منگل ہی کو اس معاملے میں 7ویں شخص کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔

رائل نیوی کے ترجمان نے اہلکار کے خلاف الزامات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ قانونی کارروائی جاری ہے، اس لیے اس مرحلے پر مزید تبصرہ کرنا مناسب نہیں ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp