ملتان میں تین سال بعد چوری ہونے والی بھینس کی گھر واپسی پر شہری کی خوشی دیدنی تھی۔ بھینس کے مالک نے اپنی بازیاب ہونے والی بھینس کا ڈھول کی تھاپ پر شاندار استقبال کیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی توجہ حاصل کر رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملتان کے علاقے قبول والا میں محمد ناصر نامی شہری کی بھینسیں تین سال قبل چوری ہوگئی تھیں۔ متاثرہ شہری نے پولیس کو مبینہ چوروں کی نشاندہی بھی کی تاہم طویل عرصے تک اس کی چوری شدہ بھینسیں برآمد نہ ہوسکیں۔
تین سال بعد چوری ہونے والی بھینس کی گھر واپسی پر شہری نہال، ڈھول کی تھاپ پر استقبال کیا گیا۔
ملتان میں تھانہ الپہ کے علاقے قبول والا سے تین سال قبل چوری ہونے والے جانور سی سی ڈی نے خانیوال کے علاقے سے برآمد کرلیے۔
ناصر نامی شہری کی بھینسیں چوری ہوئی تھیں، جن میں سے سی سی ڈی نے… pic.twitter.com/5UrNDA2W1X— Aatif Khattak (@Aatifkhattak5) October 8, 2026
اب سی سی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے خانیوال کے علاقے سے ایک مسروقہ بھینس برآمد کرلی جس کی واپسی پر مالک اور اہلِ خانہ کی خوشی دیدنی تھی۔
محمد ناصر نے اپنی بھینس کے گھر پہنچنے پر ڈھول کی تھاپ پر استقبال کیا اور خوشی کا اظہار کیا۔ شہری کے مطابق تین سال بعد اپنی بھینس کو واپس دیکھنا اس کے لیے انتہائی جذباتی اور خوشی کا لمحہ تھا۔
یہ بھی پڑھیں: رکشے میں بیٹھی خاتون سے پولیس اہلکار کی مبینہ ہراسانی، ویڈیو وائرل ہوتے ہی ایکشن ہوگیا
متاثرہ شہری کا کہنا ہے کہ دوسری چوری شدہ بھینس کی بھی جلد بازیابی کی امید ہے جبکہ متعلقہ اداروں کی جانب سے اس کی تلاش اور برآمدگی کے لیے کوششیں جاری ہیں۔











